جمعرات, ستمبر 21, 2023
جمعرات, ستمبر 21, 2023
- Advertisment -

رپورٹر کی مزید خبریں

پاکستاناربوں روپے کے ٹیکس فراڈ مقدمے میں ملوث مرکزی کردار کو گرفتار...

اربوں روپے کے ٹیکس فراڈ مقدمے میں ملوث مرکزی کردار کو گرفتار کر لیا گیا

کراچی : ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل آڈٹ ان لینڈ ریونیو ایف بی آر کراچی نے اربوں روپے کے ٹیکس فراڈ مقدمے میں ملوث مرکزی کردار کو گرفتار کر لیا ، گرفتار ملزمان کی تعداد 2 ہو گئی، ملک بھر میں بیٹری تیار کرنے والی معروف کمپنی کے مالکان سمیت اس مقدمے میں 8 افراد نامزد ہیں ،شہریوں کے شناختی کوائف پر درجنوں جعلی کمپنیاں رجسٹرڈ کر کے ملکی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا ۔

ایف بی آر حکام کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل آڈٹ ان لینڈ ریونیو کراچی کی ٹیم نے میسرز تمنا انڈسٹریز کے خلاف درج مقدمہ الزام نمبر 1/22 میں مرکزی کردار مرزا ایاز علی بیگ کو صدر سے گرفتار کر لیا ہے ۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے منی لانڈرنگ کے لیے کوالٹی انٹرنیشنل کے نام سے جعلی کمپنی بنائی ہوئی ہے اور ڈی ایچ اے فیز سیون کے نجی بینک کے اکاونٹ نمبر 0105646 ملزم کے زیر استعمال ہے اور اسی بینک میں متعدد کھاتوں کو بھی جعلی کمپنیوں کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ایف بی آر ذرائع نے نجی بینک کے اکاونٹس میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشن کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا، ملزم کے قبضے سے منی لانڈرنگ کے حوالے سے فہرست بھی برآمد کر لی گئی ہے ۔

گرفتار ملزم کے پاس بیٹری کمپنی کے مالک سے اور کئی شخصیات کی رقوم منتقلی کے شواہد ملے ہیں،ملزم کو آج بدھ کو کسٹم کورٹ میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل آڈٹ ان لینڈ ریونیو کی ٹیم نے شہزاد الٰہی کو گرفتار کیا تھا جب کہ اس مقدمے میں بیٹری بنانے والی معروف کمپنی کے مالک جاوید صدیق، امجد ریاض ، آصف ریاض دینار،فرحت علی ہاشمی اور محمد علی کو نامزد کیا گیا ہے ۔

دستاویزات کے مطابق اس فراڈ کے ماسٹر مائنڈ شیخ شہزاد الٰہی ہے جس نے نواب زمان نامی شہری کے جعلی نام پر تمنا انڈسٹریز کے بینک اکاو نٹس کھولے اور آپریٹ کئے،ان اکاوئنٹس میں ایک غریب مزدور نواب زمان کے شناختی کارڈ کا غلط استعمال کیا اور تمنا انڈسٹریز کے نام سے جعلی کمپنی کھولی۔

مزید تفتیش میں انکشاف ہوا کہ تمنا انڈسٹریز کے نام پر پاکستان میں مشہور بیٹری برانڈ بنانے والی سنچری انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ کو اربوں روپے کا حتمی ٹیکس فائدہ دینے کے لیے دھوکہ دہی کی گئی اس سلسلے میں ملوث جعلی کمپنیوںسے کاغذی خرید وفروخت کی دستاویزات پر معروف کمپنیوں کے لئے جعلی اور بوگس سیل دکھائی گئی۔مقدمہ کی دستاویزات کے مطابق انکوائری تین ماہ قبل شروع کی گئی تھی جس میں ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل آڈٹ ان لینڈریونیو نے سیلزٹیکس کی چوری میں ملوث میسرزکوالٹی انٹرنیشنل اور اسٹار انٹر نیشنل کے دفاترمیں چھاپہ ضروری دستاویزات قبضہ میں لے کر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا۔

تحقیقات میں ایف بی آر کی جانب سے ان دونوں کمپنیوں کے دفاتر پر چھاپے مار کر ریکارڈ لیا گیا جس میں انکشاف ہوا کہ کمپنیاں چاول اور دیگر قسم کی مصنوعات کے کاروبار سے منسلک ہیں اور ان کے پاس لیڈ اور بیٹریوں کے خام مال کا سامان موجود نہیں ہے اسی طرح جب ان کمپنیوں کے بینک اکاونٹس کی تفصیلات حاصل کی گئیںتو معلوم ہوا کہ انہوںنے کبھی بھی تمنا انڈسٹریز سے حاصل کئے گئے سامان کی ادائیگیاں نہیں کیں اور نہ ہی رقم کی لین دین تمنا انڈسٹریز کے بینک اکاونٹس سے مل سکا۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان جعلی انوائسوں پر سیلز ٹیکس چوری کرنے والی ایک بڑی مافیا کے رکن ہیں کیونکہ اسی طرح سے جعلی خریداری اور فروخت کی دستاویزات کمپیوٹر، ٹیکسٹائل ،لیدر اور کیمیکل کی صنعتوں کی کمپنیوں کو بھی ظاہر کی گئی ہیں جنہوں نے یہ دستاویزات ایف بی آر میں جمع کروا کر بڑے پیمانے پر سیلز ٹیکس چوری کیا ہے ۔

ایف بی آر حکام کے مطابق مذکورہ مقدمہ میں نجی بینک کے منیجر اور آپریشنل افسر کی جانب سے بیان دیا گیا ہے کہ جن شہریوں کے نام پر اکاونٹ کھلوائے گئے انہوں نے کبھی اپنے اکاونٹ آپریٹ نہیں کئے بلکہ ملزم شیخ الٰہی آپریٹ کرتا رہا ہے جس پر ملزمان کے خلاف ٹیکس چوری کے ساتھ ہی اینٹی منی لانڈرنگ اور بے نامی اکاونٹس کے قوانین کے تحت بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔

عظمت خان
عظمت خانhttp://alert.com.pk
عظمت خان بحیثیت رپورٹر گزشتہ 15 برس سے ملک کے مختلف پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا اداروں سے وابستہ ہیں اور مذہبی، تعلیمی ، لیبر، فراہمی و نکاسی آب سمیت مختلف امور اور شعبہ جات کے حوالے سے خبروں اور تحقیقاتی رپورٹس کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں ۔ وہ کتابوں کے مصنف اور ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔
متعلقہ خبریں