کراچی وومن چیمبر آف کامرس کا اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان اور لاہور وومن چیمبر کے ساتھ معاہدہ

کراچی وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملیر کی بانی صدر سابق نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) نازلی عابد نثار نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، راولپنڈی چیمبر آف کامرس، راولپنڈی ویمن چیمبر آف کامرس، لاہور چیمبر آف کامرس اور ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں۔

ایم او یوز پر دستخط کرنے کا مقصد تجارت وصنعت کو فروغ دینا، تجارتی نمائشوں کے انعقاد میں تعاون اور خواتین تاجروں کومساوی کاروباری مواقع فراہم کرنا ہے

مزید پڑھیں:الکوثر فاونڈیشن کی طرف سے جامعہ اردو کے 100 طلبہ کیلئے اسکالرشپ کا اعلان

نازلی عابد نثارکی سربراہی میں خواتین تاجروں کے وفد نے پنجاب اور فیڈرل ایریا کے وومن چیمبرز کا خیر سگالی دورہ کیا اور ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اسلام آباد، ریجنل آفس لاہور، وومن چیمبر لاہور، وومن چیمبر ملتان، وومن چیمبر بہاولپور، وومن چیمبر راولپنڈی، وومن چیمبر اسلام آباد کے عہدیداران و ممبران سے ملاقاتیں کیں۔

دوروں کا مقصد موجودہ ابتر معاشی حالات اور کاروباری خواتین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مل کر جدوجہد کرنا ہے۔ وومن چیمبر کی لیڈر حنا منصب نے نازلی عابد نثار کے کام کو سراہا۔وفد میں کراچی وومن چیمبر ملیر کی سینئر نائب صدر افضالہ شاہین اور فرزانہ خان کراچی چیمبر و دیگر شامل تھیں۔

نازلی عابد نثار نے مختلف چیمبرز کے عہدیداران و ممبران سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی وومن چیمبر کی خواتین تاجروں کا پنجاب اور فیڈرل ایریا کے چیمبرز کے ساتھ اجلاسوں میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا باالخصوص تمام چیمبرز اور خواتین تاجروں کے مابین قریبی روابط کے ساتھ ساتھ آئی ٹی سیشن، تربیتی پروگرامز اور نمائشوں کے انعقاد میں بھرپور تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مزید پڑھیں:قاری عبداللہ بسمل کی ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹرفرخ رضا سے ملاقات

انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہر شعبے میں یکساں کاروباری مواقع ملنے چاہیے۔گھروں سے کام کرنے والی خواتین کی مہارت لاجواب ہے مگر ان کو ان کا جائز حق نہیں ملتا لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ سب کو برابری کی بنیاد پر کاروباری مواقع اور فوائد پہنچائے جائیں۔

انہوں نے خواتین تاجروں پر زور دیا کہ وہ تجارت وصنعت کے شعبوں میں آگے آئیں۔ بزنس کمیونٹی ملک کا چوتھا ستون ہے اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو چاہیے کہ وہ ملک کے موجودہ معاشی حالات کی بہتری کیلئے مل کر جدوجہد کریں