الکوثر فاونڈیشن کی طرف سے جامعہ اردو کے 100 طلبہ کیلئے اسکالرشپ کا اعلان

وفاقی اردو یونیورسٹی

وفاقی جامعہ اردو کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء نے امریکہ میں موجود محب وطن پاکستانیوں کی فلاحی تنظیم الکوثر فاونڈیشن کی طرف سے جامعہ اردو کے تقریبا 100 طلبہ کو تعلیمی وظائف دینے پر ان کا اور اس سلسلے میں کوشش کرنے اور رابطہ کار کے فرائض سرانجام دینے پر فوکل پرسن احساس اسکالرشپ پروگرام ڈاکٹر افتخار احمد طاہری کا شکریہ ادا کیا ۔

اس مقصد کے لئے کوثر فاونڈیشن نے نے 11000 ڈالر یعنی 23 لاکھ روپے جامعہ اردو کے اکاونٹ میں منتقل کردیئے ہیں۔

مزید پڑھیں:قاری عبداللہ بسمل کی ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹرفرخ رضا سے ملاقات

الکوثر تنظیم سازی کا بنیادی مقصد اایسے پاکستانی اعلیٰ تعلیمی قابلیت کے حامل طلبہ کو وظائف فراہم کرنا ہے جو مالی پریشانی کے باعث اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ پاتے ہیں۔ پاکستان میں الکوثر کے ڈائریکٹر سید قاسم مہدی نے یہ اسکالرشپس فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

شیخ الجامعہ نے کہا کہ یہ امر بیرون ملک پاکستانیوں کا جامعہ اردو اور اس کے طلباء پر اعتماد کا مظہر ہے۔ وہ تہ دل سے ان کی اس کاوش کو سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان تعلیمی وظائف کے باعث جامعہ اردو میں علمی سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہوگا اور غریب و متوسط با صلاحیت طلبہ کو بھی تعلیمی میدان میں اپنی کارکردگی دکھانے اور علم کی شمع روشن کرنے کا موقع میسر ہوگا۔

ڈاکٹر افتخار احمد طاہری نے بھی سید قاسم مہدی کی کاوشوں کو سراہا اور شیخ الجامعہ کا ان پر اعتماد کرنے اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔