قاری عبداللہ بسمل کی ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹرفرخ رضا سے ملاقات

کراچی ( پ ر) جمعیت علماء اسلام ضلع غربی کے سیکریٹری اطلاعات قاری عبداللہ بسمل نے وفد کے ہمراہ ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹرفرخ رضا سے ملاقات کی۔

فرید کالونی، فقیر کالونی، رحیم شاہ کالونی، ایرانی کیمپ میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم، سرعام منشیات فروشی، چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلے عام منشیات فروشی اور چوری ڈکیتی کی وارداتوں نے علاقہ عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔

مزید پڑھیں:ڈائریکٹرز فائنانس کو مستشنا قرار دیئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ڈاکٹر شاہ علی القدر

قاری عبداللہ بسمل نے کہا کہ منشیات فروشی جرائم کی جڑ ہے جو ہماری نسل کو تباہ کررہاہے۔ علاقے میں بدترین صورتحال ہے۔ لوگ اپنے گھروں میں محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی چوری ڈکیتی کی وارداتوں نے عوام کوسخت خوف و ہراس میں مبتلا کردیا ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ کرائم سمیت تمام جرائم کاخاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کے تعاون سے انشاءاللہ اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی جیسی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنے، عوام کو امن وسکون سے زندگی گزارنے کا ماحول پیدا کرنے میں جلد کامیاب ہوجائیں گے۔

ایس ایس پی ویسٹ نے کہا کہ منشیات کا خاتمہ میرا عزم ہے۔ اس لعنت کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھونگا۔ وفد میں شیخ الحدیث مولانا طاہرین، مفتی نعمت اللہ، مولاناعبدالوہاب، قاری محسن، مفتی عبدالرشید، بھائی زاھد، آفتاب، قاضی اللہ اور دیگر شامل تھے۔