کراچی ( پ ر) شیرشاہ کالونی میں پانی کے شدید بحران اور 20 مئی کو ہونیوالے دھرنے کے بعد سے اب تک کی صورتحال پر ڈی ایم ڈی واٹر بورڈ ایوب شیخ کی زیر صدارت شیرشاہ مذاکراتی کمیٹی اور واٹر بورڈ کا مشترکہ اجلاس ایم ڈی آفس میں ہوا۔
اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان، شیرشاہ مذاکراتی کمیٹی کے قاری محمد عتیق، قاری محمد بشیر، جےیوآئی شیرشاہ کے امیر مولانا عظیم اللہ عثمان، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت شیرشاہ کے امیر مولانا محمد حامد، حاجی عزیزالرحمن عزیز، مفتی محمد عدنان مدنی سمیت واٹر بورڈ بلک اور ڈسٹربیوشن کے افسران شریک تھے۔
مزید پڑھیں:وفاقی اردو یونیورسٹی کے طلبہ کو بین الاقوامی ادارے کا اسٹوڈنٹ چیپٹر کا چارٹر مل گیا
اجلاس میں شیرشاہ مذاکراتی کمیٹی نے ڈی ایم ڈی واٹر بورڈ کو بتایا کہ شیرشاہ کالونی میں پانی کا بحران شدت اختیار کرچکا ہے۔ 20 مئی کو پانی کے حوالے سے شیرشاہ چوک پر تاریخ ساز دھرنے میں واٹر بورڈ اور شیرشاہ مذاکراتی کمیٹی نے چند مطالبات پر اتفاق کیا تھا جن پر اب تک واٹر بورڈ کی جانب سے خاطر خواہ عملدرآمد نہیں ہوا۔
پانی کا بحران پہلے کی طرح شدت اختیار کرچکا ہے۔ عوام انتہائی مشتعل ہیں۔ اگر ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے تو ہم راست اقدام پر مجبور ہونگے۔ شیرشاہ مذاکراتی کمیٹی نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کے نمائندے واٹر بورڈ کو بلیک میل کرنےاور کاموں پر اثرانداز ہونے کی بھونڈی حرکتیں کررہے ہیں جس پر واٹر بورڈ بحیثیت ادارہ نیوٹرل رہے، اجتماعی مسائل کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھنے دیا جائے۔
ہم ایسا کوئی بھی بھونڈا عمل برداشت نہیں کریں گے۔ ضرورت پڑنے پر عوامی قوت سے ایسے عناصر کو سبق سکھانے کا طریقہ بھی جانتے ہیں۔
مزید پڑھیں:گیس لیکیج سے گھر میں دھماکا، ایک ہی خاندان کے 4 افراد ہلاک
واٹر بورڈ بحیثیت ادارہ کسی طبقے کی ڈکٹیشن قبول نہ کرے، اپنے وقار کو مجروح ہونے سے بچائے۔ ڈی ایم ڈی واٹر بورڈ ایوب شیخ نے پوری گفتگو غور سے سننے کے بعد تمام مطالبات پر تفصیلی بریفنگ لی اور بتدریج مسائل کے حل کا وعدہ کیا۔
ایوب شیخ نے وعدہ کیا کہ آپکے مطالبے یعنی شیرشاہ کی گریویٹی کو پمپنگ پر کیا جائے پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کروایا جائے گا۔ فائل فنانس ڈیپارٹمنٹ سے منظور ہوچکی ہے۔ میری بھرپور کوشش ہوگی کہ جلد از جلد شیرشاہ کی گریویٹی کو پمپنگ پر کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کنکشنز کے حوالے سے سینمس چورنگی تا شیرشاہ پمپ لائن تبدیل ہورہی ہے جسکا کام حالیہ بارشوں کی وجہ سے تعطل کا شکار تھا آج سے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ اسی طرح آپکے دیگر مطالبات 9 اور 10 انچ کی لائن کی تبدیلی سمیت اردو بازار، محمدی روڈ، اکبر روڈ پر نئی لائن ڈالنے پر بھی بتدریج کام شروع کریں گے۔
ایوب شیخ نے مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے جسکی ہم اپنی بساط سے بڑھ کر کوشش کررہے ہیں۔ باوجود پانی کی کمی اور K4 منصوبے کے تعطل کے ہم پورے شہر کو پانی کی فراہمی کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔
آپکے مسائل اور مطالبات بالکل درست ہیں، ہم انہیں درجہ بدرجہ مکمل کریں گے اور جہاں مشکلات یا رکاوٹیں ہونگی تو انہیں ملکر دور کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت یا گروہ کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ واٹر بورڈ پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرے۔
مزید پڑھیں:شدید بارشوں کی پیشگوئی، انٹر بورڈ نے آج کے پرچے ملتوی کردیئے
اپنے افسران کی طرف سے میں ضمانت دیتا ہوں کہ ایسا کوئی بھی عمل جس سے واٹربورڈ کا وقار مجروح ہو اسمیں واٹر بورڈ کا کوئی ذمہ دار ملوث نہیں ہوگا۔
ایوب شیخ نے جامع مسجد طور شیرشاہ کی دونوں جانب کی گلیوں میں سیوریج کے نظام کو فوری طور بحال کرنے کے احکامات صادر کئے اور وعدہ کیا کہ شیرشاہ کی دیگر مسا جد کی گلیوں میں سیوریج کے نظام کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں شیرشاہ کالونی میں پینے کے پانی میں گندے پانی کی آمیزش کے واقعات پر شیرشاہ مذاکراتی کمیٹی کی مسلسل نشاندہی کے نتیجے میں واٹر بورڈ کی جانب سے 2 ہفتے انتھک کوشش کے بعد مسئلے کے حل پر شیرشاہ مذاکراتی کمیٹی نے واٹربورڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہمارا تعاون پہلے دن سے آپ حضرات کیساتھ شامل تھا اور آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔