لاہور: ہندوستان کے آل فارمیٹ کپتان روہت شرما پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔
35 سالہ روہت شرما نے 6 اگست 2022ء کو امریکی ریاست فلوریڈا کے لاڈر ہل میں سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک سٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے ٹی ٹونٹی میں تین چھکے لگائے، انہوں نے 16 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں:پشاور ، گھریلو تنازع پر فائرنگ، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق
روہت شرما اب بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والوں کی فہرست میں بوم بوم شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔
پاکستانی لیجنڈ نے اپنے کیریئر میں 1996ء سے 2018ء کے دوران 27 ٹیسٹ میں 52 ، 398 ون ڈے میں 351 چھکے اور 99 ٹی ٹونٹی میچوں میں 73 چھکے لگائے تھے اور ان کے چھکوں کی مجموعی تعداد 476 تھی۔
روہت شرما کے نام اب 477 چھکے ہیں جن میں سے 64 چھکے 45 ٹیسٹ میں، 250 چھکے ون ڈے کرکٹ میں اور 163 چھکے 131 ٹی ٹونٹی میں ہیں۔
مزید پڑھیں:کراچی، صفورہ چورنگی کے قریب 15 سالہ نوجوان کی لاش برآمد
اس فہرست میں پہلا نمبر ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل ہیں جن کے نام 553 چھکے ہیں۔ انہوں نے 1999ء سے 2021ء کے درمیان 103 ٹیسٹ میں 98 چھکے، 301 ون ڈے میں 331 چھکے اور 79 ٹی ٹونٹی میچوں میں 124 چھکے مارے۔
سابق کیوی کپتان برینڈن میکولم انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ چھکے مارنے والے بلے بازوں کی فہرست میں 398 چھکوں کے ساتھ چوتھے جب کہ ان کے ہم وطن مارٹن گپٹل 379 چھکوں کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں ۔