مون سون کے چوتھے اسپیل کا آغاز، کراچی میں ہلکی بارش ریکارڈ

مون سون

سندھ میں مون سون کے چوتھے اسپیل کا آغاز ہوگیا۔ مون سون سسٹم کے تحت ہفتے کو کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

شہر قائد میں صدر ، آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مون سون سسٹم سندھ اور گجرات کی سرحد کے قریب موجود ہے، سسٹم کا 40 فیصد حصہ سندھ اور 60 فیصد حصہ بھارتی گجرات پر موجود ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سسٹم 24 سے 36گھنٹوں میں بحیرہ عرب کی جانب بڑھے گا جس کے بعد یہ سسٹم کمزور ہو جائے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج اور کل بارش کا امکان ہے جب کہ آج دوپہر کے بعد چند مقامات پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔

حیدرآباد، میرپور خاص، بدین، عمر کوٹ اور گردونواح میں گزشتہ روزگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( پی ڈی ایم اے) نے آج سے مشرقی بلوچستان میں سیلابی صورتِ حال کی وارننگ جاری کردی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 9 اگست تک کشمیر، اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *