فارن فنڈنگ کیس فیصلہ، مولانا فضل الرحمان کے بیانئے کی فتح ہے ۔ علامہ راشد محمود سومرو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہیکہ الیکشن کمیشن کا فارن فنڈنگ کیس پر فیصلہ جرأت مندانہ اقدام ہے ، الیکشن کمیشن نے کسی قسم کا دباؤ قبول کئے بغیر عمران احمد نیازی کی اصلیت آشکارا کردی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ جے یوآئی کے بزرگ رہنما مولانا ڈاکٹر نصیرالدین سواتی کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

مزید پڑھیں:کراچی ، مون سون کا نیا اسپیل برسنے کو تیار ، محکمہ موسمیات

اس موقع پر جے یوآئی سندھ کے ناظم مالیات مولانا محمد غیاث، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی ، حافظ حبیب الرحمن خاطر، محمد شریف گبول ، مولانا عبداللہ بسمل ، مولانا یاقوت شاہ ، قاری طلحہ زبیر سواتی، حبیب الرحمن باجوڑی ودیگر بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بددیانتی کرکے حقائق کے برعکس صادق وامین کا قرار دیا آج ثابت ہوا کہ عمران خان کا بیان حلفی بھی جھوٹا تھا ، عمران خان نے جان بوجھ کر ان اکاؤنٹس کی تفصیلات کو مخفی رکھا تاکہ قوم سے حقائق چھپائے جاسکیں ۔

علامہ راشد محمودسومرو کا کہنا تھا کہ آج جمعیت علمائے اسلام اور اس کے قائد مولانا فضل الرحمان کے بیانئے کی جیت ہوئی ہے ، مولانا فضل الرحمان نے کئی برس قبل کہہ دیا تھا عمران خان کو خاص مشن سونپا گیا ہے وہ مغربی استعمار کے کارندے کے طور سیاسی میدان میں اتارے گئے ہیں ، عمران خان کے مالی پشت پناہوں میں یہودی ، عیسائی ، قادیانی اور انڈین لابیز شامل ہیں جو ملک وقوم کی سالمیت کیلئے خطرناک ہیں۔

مزید پڑھیں:سندھ میں 5 اگست سے تین دن کیلئے سی این جی بند

انہوں نے کہا کہ عمران خان میں اگر اخلاقی جرأت ہو تو وہ قوم کو بتائیں کہ یہودی لابی سے حاصل شدہ رقوم سے وہ کون سی ریاست مدینہ بنانے کی جستجو کررہے تھے، عمران خان کی مکروہ سوچ اور اصلیت اب آشکارا ہوچکی ہے ہم انہیں قوم کیساتھ مزید کھیلواڑ کرنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو یہودی ، قادیانی ، اور ہندوستانیوں سے ممنوعہ فنڈنگ وصول کرنے پر تاحیات نااہل کیا جائے ۔

اس موقع پر جے یوآئی کے صوبائی رہنما مولانا ڈاکٹر نصیرالدین سواتی نے علامہ راشد محمود سومرو کی والدہ محترمہ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *