ایشیا کپ کرکٹ کا شیڈول جاری، پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا؟

ٹی ٹوئنٹی

ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان کردیا ، ٹورنامنٹ میں فائنل سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان دو میچز ہونے کا امکان ہے۔

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک سری لنکا کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں گروپ اے امیں شامل ہیں جہاں تیسری کوالیفائر ٹیم انہیں جوائن کرے گی۔

گروپ بی میں سری لنکا ، بنگلا دیش اور افغانستان شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں سنگاپور، متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ اور کویت کوالیفائر ٹیم کے طور پر جگہ بنانے کیلئے معرکہ آرا ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق افتتاحی میچ 27 اگست کو سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوگا جبکہ 28 اگست کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

دو ستمبر کو پاکستان ٹیم کوالیفائر ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ پہلے مرحلے کے بعد دونوں گروپس سے دو دو ٹیمیں سوپر فور میں جگہ بنائیں گی جس میں ہر ٹیم تین میچز کھیلے گی۔

سپر فور میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 4 ستمبر کو متوقع ہے۔ ایونٹ کا فائنل 11 ستمبر کو ہوگا۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ سری لنکا میں ہونا تھا تاہم وہاں خراب معاشی حالات کی وجہ سے ہونے والے مظاہروں کی وجہ سے ایونٹ متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *