وزیراعظم کا آرمی چیف کو فون، لاپتا ہیلی کاپٹر سے متعلق معلومات حاصل کیں

آرمی ہیلی کاپٹر

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا اور آرمی ایوی ایشن کے لاپتا ہیلی کاپٹر سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

آرمی چیف نے وزیراعظم کو گزشتہ شب سے جاری تلاش کی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نےلیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت آرمی کے 6 افسران اور جوان کی سلامتی سے متعلق تشویش و فکر مندی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک بہترین پروفیشنل اور نہایت اچھے انسان ہیں، دعاگو ہوں کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام لوگ بحفاظت ہوں۔

وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وطن کے ان بہادر بیٹوں کی بحفاظت واپسی کے لیے خصوصی دعا کریں، پوری قوم اس حادثے پر انتہائی افسردہ ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی مدد کرنے والے یہ فرض شناس بیٹے خدمت کی اعلیٰ مثال بن کر سامنے آئے ہیں، یہ ہے اپنے بھائیوں بہنوں، بچوں کی خدمت کا وہ عظیم جذبہ جو پاکستان کی حقیقی طاقت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سوار ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے اور ہیلی کاپٹر سے فلڈ ریلیف آپریشن کا معائنہ کررہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں فلڈ ریلیف آپریشن میں مصروف تھا۔

ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد اور 12 کور کے انجینیئر بریگیڈیئر خالد سوار ہیں۔

ہیلی کاپٹر میں سوار افراد میں پائلٹ میجر سعید، معاون پائلٹ میجر طلحہٰ اورکریو میں چیف نائیک مدثر بھی شامل ہیں۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *