‘سشمیتا دنیا کی آخری لڑکی ہوگی جو بینک بیلنس دیکھ کے محبت کریگی’

بالی وڈ کے معروف فلم ساز وکرم بھٹ سابقہ مس یونیورس اداکارہ سشمیتا سین کی حمایت میں سامنے آگئے۔

گزشتہ دنوں خبر سامنے آئی تھی کہ اداکارہ سشمیتا سین انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بانی و پہلے چیئرمین للت مودی سے ڈیٹ کررہی ہیں جس کی تصدیق للت مودی نے ہی کی تھی۔

خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر طرح طرح کی چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ اداکارہ نے للت مودی سے ان کے پیسوں کے لیے محبت کی ہے۔

اب ہدایتکار وکرم بھٹ نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے اس قسم کی افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔
وکرم بھٹ نے کہا کہ ‘سشمیتا اس دنیا کی آخری خاتون ہوں گی جو کسی کے بینک بیلنس کو دیکھتے ہوئے اس سے محبت کریں گی اور اسے اپنے ہمسفر کے طور پر منتخب کریں گی’۔

فلم ساز کا کہنا تھا کہ ‘میں 1998 میں فلم غلام ڈائریکٹ کررہا تھا، اس وقت میرے پاس بالکل پیسے نہیں تھے، یہ میں نہیں بھول سکتا کہ اس وقت سشمیتا وہ پہلی انسان تھیں جو مجھے امریکا لے کر گئیں اور میرے ٹرپ کے پیسے انہوں نے دیے’۔
وکرم بھٹ نے بتایا کہ ‘جس وقت ہم لاس اینجلس پہنچے، ائیرپورٹ کے باہر لیموزین گاڑی دیکھ کر میں حیران رہ گیا، سشمیتا نے کہا کہ میں چاہتی تھی کہ آپ امریکا میں زبردست طریقے سے انٹری دیں’۔

بھارتی ہدایتکار نے مزید کہا کہ’سشمیتا اپنے وقتوں میں بالی وڈ پر راج کرسکتی تھیں لیکن انہوں نے اپنے اصولوں کے آگے سر نہیں جھکایا اور نہ ہی کسی کو حائل ہونے دیا’۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *