پنجاب کے ضمنی انتخابات: پی ٹی آئی 15 اور ن لیگ 4 نشستوں پر کامیاب

پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے مکمل نتائج آگئے ہیں جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 15 اور مسلم لیگ (ن) نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔

پنجاب کے 14 اضلاع کی 20 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے سے جاری رہی۔

ضمنی انتخابات میں 175 امیدواروں نے حصہ لیا۔

پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں پولنگ کے بعد تمام نشستوں کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج آگئے ہیں۔
غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے 15 اور ن لیگ نے 4 نشستیں حاصل کیں جبکہ ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا ہے۔

پی ٹی آئی نے لاہور کی تین، جھنگ کی 2، فیصل آباد، بھکر، مظفر گڑھ، شیخوپورہ، ملتان، ساہیوال، خوشاب، لودھراں، لیہ اور ڈیرہ غازی خان کی نشستیں جیت لی ہیں جبکہ ن لیگ نے لاہور، بہاولنگر راولپنڈی اور مظفر گڑھ سے ایک ایک سیٹ حاصل کی ہے۔

ملتان میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 217 میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے میدان مار لیا۔

حلقے کے مکمل 124 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق زین قریشی 46963 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے ہیں۔ ن لیگ کے محمد سلمان 40104 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

لاہور میں پنجاب اسمبلی کی 4 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے اور اب تک کے نتائج کے مطابق لاہور کی 4 میں سے 3 سیٹیں پی ٹی آئی نے جیت لی ہیں جبکہ ایک نشست ن لیگ کے حصے میں آئی ہے۔

لاہور میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 158 کی نشست پی ٹی آئی کے نام رہی اور میاں محمد اکرم عثمان کامیاب قرار پائے۔

حلقے کے مکمل 151 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار نے 36888 ووٹ لیکر فتح حاصل کی جبکہ ن لیگ کے رانا احسن 31447 ووٹ لے سکے۔

پی پی 167 کے تمام 140 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیرحتمی نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے شبیر احمد نے 40175 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرلی۔

ن لیگ کے نذیر چوہان 26306 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

لاہور میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 170 کے تمام 79 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے ملک ظہیر عباس 24688 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے محمد امین ذوالقرنین نے 17519 ووٹ حاصل کیے۔

پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں ایک حلقے میں آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ پی پی 228 لودھراں کے تمام 136 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے تحت آزاد امیدوار سید محمد رفیع الدین نے تحریک انصاف کے امیدوار کو شکست دی۔ وہ 45020 ووٹ لیکر پہلے نمبر رہے جبکہ پی ٹی آئی کے عزت جاوید خان 38338 ووٹ لیے سکے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *