ریا چکرورتی نے منشیات وصول کی اور سشانت تک پہنچائی، نارکوٹکس بیورو کا انکشاف

مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے کئی بار منشیات و صول کرکے سشانت تک پہنچائی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت سے متعلق منشیات کے معاملے میں حال ہی میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی طرف سے ملزمان کے خلاف تجویز کردہ الزامات کے مسودے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اداکارہ ریا چکرورتی نے کئی بار منشیات وصول کرکے اداکار کے حوالے کی۔

رپورٹس کے مطابق مسودے میں کہا گیا ہے کہ ریا کو سشانت کے گھر کے منیجر، ادکارہ کے بھائی شوک چکرورتی اورگھر کے عملے سے گانجے کی ڈیلیوری ملی جسے بعد ازاں انہوں نے سشانت سنگھ تک پہنچایا۔

این سی بی نے شوک سمیت 35 ملزمان کے خلاف الزامات کا مسودہ 22 جون کو پیش کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق این سی بی نے کہا ہے کہ ریا چکرورتی نے مارچ 2020 سے ستمبر 2020 کے درمیان شوک اور سشانت کے نام پر منگوائی گئی منشیات کی ڈیلیوری کے لیے ادائیگی کی اور این ڈی پی ایس قانون کے تحت جرم کا ارتکاب کیا۔

مسودے میں کہا گیا ہے کہ ریا نے غیر قانونی اسمگلنگ اور مجرموں کو پناہ دینے سے متعلق ایکٹ کے سیکشن 27A کی سخت شق کی خلاف ورزی کی جس میں کم از کم 10 سال اور زیادہ سے زیادہ 20 سال تک قید ہو سکتی ہے۔

خیال رہےکہ 14 جون 2020 کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے گھر والوں نے ریا چکرورتی کو اداکارکی خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا تھاجس کے معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا۔

سشانت کے گھر والوں نے ریا چکرورتی پر الزام لگایاکہ انہوں نے سشانت سے پیسے کے لیے تعلقات قائم کیے، اسے نشے کا عادی بنایا ، اسے استعمال کیا اور ایسے حالات کا شکار کردیا کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگیا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *