کراچی میں مسلسل بارش سے متعدد علاقے ڈوب گئے، نظام زندگی معطل

شہر قائد میں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز مسلسل موسلادھار بارش کے باعث شہر کے بیشتر علاقے ڈوب گئے، اہم شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنی لگیں اور نظام زندگی معطل ہوگیا، سب سے زیادہ بارش ڈیفنس میں 233 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے شروع ہونے والا موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے دوپہر کے اختتام تک جاری رہا جس کے سبب کراچی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے اندازے پھر غلط ثابت ہوگئے، عید پر ہلکی بارش اور پھوار کی پیشگوئی درست ثابت نہ ہوسکی، غیر معمولی مون سون بارشوں کے سبب آدھا شہر اربن فلڈنگ کی نذر ہوگیا، کئی علاقے ڈوب گئے، ملیرندی سمیت مضافاتی علاقوں کے قریب رہائش پذیرآبادی کو نقل مکانی کرنا پڑی، شہر کی کئی مرکزی اور ذیلی شاہراوں پر کئی کئی فٹ پانی نے معمولات زندگی کو مفلوج کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش نے نئے ریکارڈ قائم کردیے، مون سون کا پہلا اسپیل 3 ماہ کی اوسط بارشوں سے زیادہ برس گیا، سب سے زیادہ بارش ڈی ایچ اے میں 233.2 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، منگل کی رات سے تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

اتوار اور پیرکی درمیانی شب ڈی ایچ اے اور اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس نے بعد ازاں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی شکل اختیارکرلی۔ اس دوران ڈی ایچ اے، سی ویو، کلفٹن، ملیر، فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا سلسلہ رات گئے مسلسل کئی گھنٹوں تک جاری رہا جبکہ ڈیفنس فیز 2 ایکسٹینشن میں رات 12 بجے کے لگ بھگ بارش پیر کی صبح 9 بجے تک جاری رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی شب سے شروع ہونے والے سلسلے کے دوران پیر کی شام تک سب سے زیادہ بارش ڈی ایچ اے میں 233 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، پی اے ایف بیس مسرور پر 191.5 اور پی اے ایف بیس فیصل پر 165 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

نارتھ کراچی میں 50، یونیورسٹی روڈ 34،گلشن حدید میں 11، سعدی ٹاؤن میں 9.3، قائدآباد 7.5، کیماڑی10.5، سرجانی ٹاؤن میں 37.7، اولڈ ائیرپورٹ37.6، اورنگی ٹاؤن میں 16.2، ناظم آباد میں 29، گلشن معمار میں 40.1، شہر میں سب سے کم بارش گڈاپ میں 3 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

شہر میں اتوارکی شب سے پیر کی دوپہر تا شام تک ہونے والی بارش نے نئے ریکارڈ قائم کردیے اورپہلے ہی اسپیل میں اوسط سے زائد بارش برسا گیا، مون سون بارشوں کے تین مہینوں میں کراچی کا اوسط 141.4 ملی میٹر ہے۔ جولائی میں بارش کا اوسط 53.2 ملی میٹر ہے، اگست میں 64.6 اور ستمبر میں 23.6 ملی میٹر ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *