ڈالر کی قدر میں ایک بار پھر اضافہ، 2 روپے 38 پیسے مہنگا ہوگیا

ڈالر ریٹ

پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک بار پھر سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز دن کے آغاز پر امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ ہوتا رہا تاہم دن کے اختتام پر ڈالر کی قدر میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا۔

چند روز قبل پاکستان کو چین سے 2.3 ارب ڈالر کا قرض ملنے کے بعد نہ صرف اسٹاک ایکسچینج میں استحکام رہا بلکہ پاکستانی روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا اور کئی روز تک ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

تاہم منگل کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کردیا اور ہفتہ وار کاروبار کے دوسرے دن کے ابتدائی لمحات سے ہی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی اڑان تیز رفتار رہی۔

کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے اور ایک ڈالر 2 روپے 38 پیسے مزید مہنگا ہوگیا ہے جس کے بعد ڈالر 206 روپے 94 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2.50 روپے کے اضافے سے 207 روپے کی سطح پر بند ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک میں امریکی ڈالر 204 روپے 56 پیسے پر بند ہوا تھا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *