ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا، عید الاضحیٰ 10 جولائی کو ہو گی

ملک بھر میں کہیں سے بھی ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا جس کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کردیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق آج ملک میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا یکم ذوالحجہ سن 1443 ہجری  یکم جولائی اور عیدالاضحیٰ بروز اتوار 10 جولائی کو  ہوگی۔

اس سےقبل چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی محکمہ موسمیات میں ہوا جس میں مرکزی اور  زونل ہلال کمیٹیوں کےارکان، محکمہ موسمیات اور  دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء سمیت چیف میٹرولوجسٹ بھی شریک تھے۔

ملک بھر کے کسی بھی حصے سے مرکزی اور زونل کمیٹیوں کو چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں موصول نہ ہوئیں۔ مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے پریس کانفرنس کر کے چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔

دوسری جانب سعودی عرب میں ذوالحجہ سن 1443 ہجری کا چاند نظر آگیا۔ سعودی عرب کے چیف ماہر فلکیات عبداللہ خدیری نے اجلاس کی سربراہی کی جس کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کا اعلان کیا گیا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *