جولائی میں لوڈشیڈنگ مزید بڑھے گی، وزیراعظم شہباز شریف

شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے جولائی کے مہینے میں لوڈ شیڈنگ مزید بڑھنے کا اشارہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ ہونے والا ہے اور پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ہے لیکن عوام مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے ایک بار پھر پی ٹی آئی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف کی سخت شرائط کو مان لیا تھا، ممکن ہے جولائی میں لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگا کیوں کہ ہمیں جولائی کیلئے گیس کے جہاز نہیں ملے مگر ہم کوشش کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں کوئلہ بہت مہنگا ہو چکا ہے اور پاکستان کے اربوں ڈالر کوئلے کی درآمد پر خرچ ہوتے ہیں لیکن افغانستان سے انشااللہ کوئلہ آنا شروع ہو گا، افغانستان سے کوئلے کی درآمد سے 2 ارب ڈالر کے قریب بچیں گے، افغانستان سے کوئلہ ڈالر میں نہیں روپے میں خریدیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیلنجز آئیں گے لیکن  ہم آگے بڑھتے رہیں گے اور مسائل حل ہوں گے، دوست ممالک سے تکنیکی مدد، سرمایہ کاری اور تجارت کریں گے، کشکول کا زمانہ ختم ہوگا، نیا زمانہ آئے گا، اتحادی حکومت ضرور  تبدیلی لے کر آئے گی۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *