کرن جوہر کی سالگرہ پارٹی بالی وڈ شخصیات کیلئے پریشانی کا سبب بن گئی

بالی وڈ کے مقبول پروڈیوسر اور ہدایتکار کرن جوہر کی 50 ویں سالگرہ کی پارٹی متعدد ستاروں کے لیے پریشانی کا سبب بن گئی۔

25 مئی کو کرن جوہر نے سالگرہ کی عالیشان پارٹی رکھی جس میں بالی وڈ کے تقریباً ہر اداکار کو دیکھا گیا لیکن یہ پارٹی اس وقت مشکل کا باعث بنی جب دیگر مہمانوں سمیت کئی اداکار کووڈ میں مبتلا ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کی متعدد رپورٹس میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد تقریباً 50 سے 55 ہے اور اس میں شاہ رخ خان، کترینہ کیف سمیت کئی اداکار شامل ہیں جن کے ناموں کو صیغہ راز میں رکھا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان میں 5 جون کو کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی جب کہ کترینہ کیف کو کچھ دن قبل کووڈ ہوا جس کا انکشاف گزشتہ روز ہوا۔

کترینہ کیف کو 4 جون کو اپنے شوہر وکی کوشل کے ساتھ یو اے ای میں آئیفا ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کرنا تھی مگر وہ بیماری کے باعث وہاں نہ جاسکیں۔

واضح رہےکہ ممبئی میں کووڈ کے کیسز میں اضافے کے بعد حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کی جانب سے فلم اسٹوڈیوز کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور انہیں کسی بھی قسم کی تقریبات کا انعقاد بغیر اجازت کرنے سے روکا گیا ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *