شفاف امتحانات کا انعقاد اور نقل کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ ظفر ارباب عباسی

شفاف امتحانات کا انعقاد اور نقل کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ ظفر ارباب عباسی

ہری پور: چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ ایبٹ آباد ظفر ارباب عباسی نے کہا ہے کہ ہمیں کوالٹی ایجوکیشن پر بھرپور توجہ دینی ہوگی، تاکہ ہمارے طلبہ اپنی قابلیت او رمحنت کے بل بوتے پر کامیاب ہوکر عملی زندگی میں فعال کردار ادا کرسکیں۔

اس ضمن میں صاف اور شفاف امتحانات کا انعقاد اور نقل کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ نقل سوسائٹی کے لیے زہرقاتل کی طرح ہے امتحان میں ناجائز ذرائع استعمال کرنا ایک اخلاقی او رقانونی جرم ہے۔ ہم سب نے مل کر اس سے جان چھڑانی ہے۔

کورونا کے بعد پہلی دفعہ تمام مضامین کا مکمل امتحان منعقد ہوا، جو 13 مئی سے شروع ہوکر 31 مئی کو تکمیل کو پہنچا ہے۔ شفاف امتحان کے انعقاد پر بورڈ اسٹاف اور امتحانی عملہ مبارکباد کا مستحق ہے، جن کی شبانہ روز کاوشوں کی بدولت امتحان کامیابی سے پایہ تکمیل کو پہنچا۔

ہزارہ کے تمام ڈی ای اوز کی طرف سے بھرپور تعاون پر بھی ان کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔

ظفر ارباب عباسی نے کہاکہ اس امتحان میں ایبٹ آباد، بٹگرام، ہری پور، کوہستان، مانسہرہ اور تورغر میں مجموعی طور پر 499 امتحانی مراکز قائم کیے گئے، جن میں 499 سپرنٹنڈنٹس اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس 2822 نگران تعینات کیے گئے۔

اس کے علاوہ کلوز سرکٹ کیمروں، بورڈ اسٹاف اور انسپکٹرز کے ذریعے امتحان کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل مانیٹرنگ کا عمل بھی امتحان کے دوران جاری رہا۔

میٹرک کے سالانہ امتحان 2022ء میں کُل 126319 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 29272 فی میل سائنس اسٹوڈنٹس، 22025 فی میل آرٹس اسٹوڈنٹس، 61032 میل سائنس اسٹوڈنٹس اور 13990 میل آرٹس اسٹوڈنٹس شامل ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ میٹرک کے پریکٹیکل چار جون سے شرو ع ہوکر 9 جون تک جاری رہیں گے، جس کے لیے عملہ باقاعدہ طور پر تعینات کردیا گیا ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *