معروف بھارتی گلوکار قاتلانہ حملے میں ہلاک

معروف بھارتی گلوکار

پنجابی گلوکار سدھو موسے والا قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو اتوار کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد نے سدھو کی گاڑی پر حملہ کیا اور 30 سے زائد گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں سدھو اور گاڑی میں موجود دیگر 2 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

تاہم سدھو موسے والا اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ دیگر 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا نے اس سال کانگریس کے ٹکٹ پرمانسا سے پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا لیکن انہیں عام آدمی پارٹی کے امیدوار وجے سنگلا نے63 ہزار ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ سدھو نے اپنے گانے ‘Scapegoat’ میں عام آدمی پارٹی اور اس کے حامیوں کو نشانہ بناتے ہوئے ’غدار‘ کہا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ایک روز قبل ہی پنجاب حکومت کی جانب سے وی آئی پی کلچر خاتمے کی کوششوں کے تحت ان کی سکیورٹی واپس لے لی گئی تھی لہٰذا سدھو وزیراعلیٰ بھگونت مان سے سکیورٹی سے متعلق ملاقات کے لیے جارہے تھے۔

دوسری جانب پولیس نے دعو یٰ کیا ہے کہ سدھو موسے والا پر فائرنگ کی ذمہ داری کینیڈا سے تعلق رکھنے والے گینگسٹر نے قبول کی ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *