پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور انتخابات کا اعلان کروانے کے لیے مزید 6 دن کی مہلت دے دی۔
اسلام آباد کی جناح ایونیو پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کا اعلان اور اسمبلیاں تحلیل نہ کی گئیں تو وہ عوام کے ساتھ دوبارہ اسلام آباد آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو انتشار کی طرف لے جارہی ہے۔ حکومتی ایما پر تحریک انصاف کے 2 کارکن شہید کیے گئے۔
عمران خان نے کہا کہ آزادی کی تحریک کو ناکام کرنے کیلئے ہر قسم کا طریقہ استعمال کیا گیا، کارکنوں نے جس طرح آنسو گیس کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں سمیت ہزاروں افراد گرفتار ہیں۔ سپریم کورٹ گرفتاریوں اور ڈی چوک، لبرٹی چوک پر آنسو گیس کی شیلنگ کا نوٹس لے۔
خیال رہے کہ عمران خان جناح ایوینیو پر 30 منٹ کے خطاب کے بعد دھرنا دیے بغیر ہی بنی گالا چلے گئے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ رات 11 بجے اسلام آباد میں داخل ہوا تھا۔
علم میں رہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے اپنے کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔