کوپر مسجد میں درسِ قرآن

آج ہفتہ تھا۔ 213 شوال 1443ھ یعنی 14 مئی 2022ء کا دن۔
کینڈا میں میری چار مصروفیات تھیں۔
1-صبح نمازِ فجر کے بعد مسجد کوپر میں درسِ قرآن
2-صبح دس بجے تھارن کلف Thorncliff میں اسلامک پارٹی آف کینڈا کے ( IPC ) کے احباب سے ملاقات.
3- دوپہر اپنے دوسرے بیٹے حسین کے ساتھ لنچ اور
4- شام چھ بجے الھدیٰ کے احباب کے ساتھ لنچ۔
اسلامک پروپگیشن سینٹر آف آنٹیریو ( IPCO ) COOPERS AVENUE, MISSISSAUGA , کوپرس ایوینو ، مساساگا پر واقع ہے۔ یہ جامع مسجد کوپر کے نام سے معروف ہے۔
یہاں ہر ہفتے کی صبح نماز فجر کے بعد ڈاکٹر اسرار احمد مرحوم کے درسِ قرآن کی ویڈیو چلائی جاتی ہے۔
ہر اتوار کو نماز فجر کے بعد ڈاکٹر یاسر قاضی کی ویڈیو سنی جاتی ہے۔
درس کے بعد ناشتے کا انتظام ہوتا ہے۔
امیر ملکوں کی مسجدوں میں ہر علمی پروگرام کے بعد عموما انتظامِ طعام ہوتا ہے۔ وسیع کچن مسجد کا لازمی حصہ ہوتا ہے۔ اس کے بڑے فوائد ہیں۔ سب سے بڑا فایدہ وقت کی بچت ہے۔ مرد و خواتین کے علاوہ بچوں کو مسجد کا نیک ماحول میسر آجاتا ہے۔
ہمارے عزیز دوست انجینیر سید فیصل نے حکم دیا کہ فجر کے بعد آپ کو درس دینا ہے۔ میں اپنے مخلص دوست کے حکم کو کیسے ٹال سکتا تھا ، حالانکہ رات الفلاح کے پروگرام کے بعد گھر پہنچتے پہنچتے بارہ بج چکے تھے۔
مسجدیں ان کی طرح کے مخلص لوگوں کے سبب ہی آباد ہیں۔ نمازیوں میں پیارے بھائی عشرت رضوی موجود تھے۔ جمال احمد صاحب بڑھاپے کے باوجود متحرک ہیں۔ وہ بھی تھے اور بہت سارے دیگر احباب۔ جمال بھائی نے میرے درس کو ریکارڈ کیا۔
میں نے سوچا کہ آج فجر کے بعد درس قرآن ہی مناسب رہے گا۔ ڈاکٹر اسرار کا متبادل تو ممکن نہیں ۔ اللہ غریق رحمت کرے، بہت محنتی اور مخلص بزرگ تھے۔ اپنے وقت کی تین بڑی شخصیات کی تصانیف کو انہوں نے گھوٹ کے پی لیا تھا۔ مولانا مودودی ، مولانا امین اصلاحی اور علامہ اقبال۔
خطابت کے بادشاہ تھے۔ اعلی ادبی ذوق پایا تھا۔ ایک میڈیکل ڈاکٹر کا قرآن پر اس قدر عبور ان کی مسلسل محنت اور لگن کا آئینہ دار تھا۔
جماعت اسلامی سے نکل کر دین کی خدمت کرنے والوں میں ڈاکٹر اسرار اس حیثیت سے ممتاز تھے کہ انہوں نے فریضہ ء اقامتِ دین کے نصب العین کو آخری دم تک ترک نہیں کیا۔ سورة الحدید کی تفسیر میں ان کی بعض باتیں محل نظر ہیں ، لیکن وہ بہت بڑے آدمی تھے۔ بر صغیر نے ایسا مدرس دوسرا نہیں پیدا کیا۔

میں نے سورة الواقعہ کا انتخاب کیا۔
درس قرآن کی محفلوں سے فہم قرآن کے لیے تسلسل ضروری ہوتا ہے۔ آدمی اپنا قرآن ، کاپی اور قلم لے کر بیٹھے۔ پروگرام ریکارڈ کرکے بار بار سنے۔ دو تین سال کی پیہم شرکت سے آدمی اگر ذہین بھی ہو اور محنتی بھی تو بہت آگے بڑھ جاتا ہے۔ اس طرح کے پروگراموں میں میرا مقصد تشویق ہوتا ہے کہ لوگوں کو قرآن مجید اور صحیح احادیث کا چسکہ لگ جائے۔ ان دو کے علاوہ دنیا کا ہر فلسفہ ہیچ محسوس کرے۔ ان دونوں کی بالا دستی دل و دماغ اور فکر پر مسلط ہو جائے۔ دنیا کے ہر مسئلے کو اللہ کی آنکھ سے دیکھے۔
سورة الواقعہ میں مناظر قیامت کے بعد تین گروہوں کا ذکر ہے۔ دو جنتی اور ایک دوزخی۔ ان کے انجام پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
غور و فکر کے لیےچار دلیلیں ہیں۔
نطفے کی ، زراعت کی ، پانی کی اور آگ کی ۔
آخر میں قرآن کی تنزیل کا ذکر ہے پھر۔ جان کنی کے مناظر ہیں۔

ایک ہی مطالبہ دو بار کیا گیا ہے۔
فسبح بحمد ربک العظیم
اپنے عظیم رب کی حمد کے ساتھ تسبیح بھی کرو۔
صرف حمد سے توحید کی تکمیل نہیں ہوتی۔ تسبیح بھی ضروری ہے۔
پہلے سمجھو کہ اللہ کیا ہے ؟
اور پھر یہ سمجھو کہ اللہ کیا نہیں ہے ؟
پھر ان دو حقیقتوں کا اعتراف و اظہار کرو۔
غور فرمائیے تمام رسول انسانوں میں سب سے پہلی ترجیح کے ساتھ توحید کی اسی ہمہ گیریت کے لیے کام کرتے ہیں۔ حمد و تسبیح کے فرق کو سمجھاتے ہیں۔
سورة الصافات کی آخری تین آیتوں میں پہلے تسبیح ہے ، پھر رسولوں پر سلام ہے ۔پھر آخر میں حمد۔
سُبۡحَـٰنَ رَبِّكَ رَبِّ ٱلۡعِزَّةِ عَمَّا یَصِفُونَ (180)
وَسَلَـٰمٌ عَلَى ٱلۡمُرۡسَلِینَ (181)
وَٱلۡحَمۡدُ لِلَّهِ رَبِّ ٱلۡعَـٰلَمِینَ (182)
سورةالاعلی میں بھی دو مطالبے ہیں۔
پہلا ۔ سبح اسم ربک الاعلی۔
دوسرا ۔و ذکر اسم ربک ۔
آخری رسول محمد صل اللہ علیہ و سلم کی امت کے ایک فرد اور داعی کی حیثیت سے ہمارا کام بھی ساری دنیا کو بتانا اور سمجھانا ہے کہ اللہ کیا ہے ؟ اور کیا نہیں ہے ؟
What He is ?
& What He is not ?
اللہ تعالیٰ بالکل اسی طرح ہے ، جس طرح خود اس نے ہمیں اپنے بارے میں قرآن یا حدیث میں بیان کیا ہے۔
ناشتے کے انتظام میں عشرت رضوی بھائی اور اعظم بھائی وغیرہ پیش پیش تھے۔ گرم گرم روٹیاں اور مرغی کاشوربہ۔
اللہ تمام احباب کو اجر عظیم عطا فرمائے۔
ان ہی کے دم سے اللہ کے گھروں میں رکوع و سجود اور حمد و ذکر کا غلغلہ ہے۔
درس کے بعد دو نوالے چکھے۔ چائے پی اور تھارن کلف Thorncliff کے سفر کا عزم کرلیا۔ وہاں کا سفر ایک گھنٹہ لیتا ہے۔ دس بجے صبح وہاں حاضر ہونا تھا ۔

( جاری ہے)

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسلامک پروپگیشن سینٹر آف آنٹیریو ( IPCO ) COOPERS AVENUE,
MISSISSAUGA, CANADA
, کوپرس ایوینو ، مساساگا، کینڈا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *