غیر ضروری پُرتعیش اشیاء کی در آمد پر پابندی خوش آئند ہے: کاٹی

غیر ضروری پُرتعیش اشیاء کی در آمد پر پابندی خوش آئند ہے: کاٹی

کراچی: کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلمان اسلم نے حکومت کی جانب سے 80 سے زائد غیر ضروری پر تعیش اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔

قومی معیشت اپنی تاریخ کے جس سنگین ترین بحران سے دوچار ہے، اس سے نجات پانے کیلئے مثبت اور ٹھوس اقدامات یقیناً ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے اربوں ڈالر خطیر زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔ صدر کاٹی نے کہا کہ حکومت نے کاٹی سمیت بزنس کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ڈالر کی قدر میں بھی کمی ہوگی کیونکہ بیرونی ادائیگی کیلئے ڈالر پر کافی دباؤ تھا۔ سلمان اسلم نے کہا کہ یہ اقدام وقت کی اہم ضرورت تھا کیونکہ اگر درآمدات اسی رفتار سے جاری رہتی تو ملک دیوالیہ ہو سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ امکان ہے کہ پر تعیش اشیاء کی مانگ کو پورا کرنے کیلئے اسمگلنگ کا طریقہ استعمال کیا جائے۔ صدر کاٹی نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ممکنہ اسمگلنگ میں اضافہ کے پیش نظر سیکی؎ورٹی بڑھائے۔

سلمان اسلم کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے غیر ملکی زرمبادلہ اور ڈالر کی قیمت میں استحکام آئے گا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور ملک کا قرضوں پر انحصار بھی کم ہوگا۔ مقامی سطح پر تیار ہونے والی صارفین کی اشیا کے استعمال میں اضافہ ہوگا، مقامی صنعت ترقی کرے گی، جبکہ عوامی سطح پر روزگار بھی ملے گا۔

صدر کاٹی نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح برآمدات میں اضافہ اور درآمدات پر انحصار کو کم کرنا ہونا چاہیئے۔ سلمان اسلم نے امید ظاہر کی کہ غیرضروری درآمدات پر مکمل پابندی روپے کی قدر بڑھانے اور زرمبادلہ کی صورت حال بہتر بنانے میں فوری طور پر معاون ثابت ہوگی جبکہ دوسری جانب آئی ایم ایف سے مذاکرات کا سلسلہ بھی امید افزا ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *