پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان پر انتشار پھیلانے کی پاداش میں مقدمہ درج

پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان پر انتشار پھیلانے کی پاداش میں مقدمہ درج

کراچی: حساس اداروں اور اعلیٰ عدلیہ کی کردار کشی کرنے پر تحریک انصاف کے رہنما عالمگیر خان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ سرکار مدعیت میں گلشن اقبال تھانے میں درج کیا گیا۔

مملکت پاکستان اور حساس اداروں کے خلاف بات کرنے پر مقدمہ درج ہوا، جس کے متن میں کہا گیا کہ دانستہ طور پر حساس اداروں اور اعلیٰ عدلیہ کی کردار کشی اور تضحیک، لوگوں میں انتشار اور بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، اداروں کے افسران و جوانوں میں بددلی، بے یقینی اور مایوسی پھیلانا مقصود تھا۔

ایف آئی آر میں اداروں کیخلاف اکسانا اور بھڑکانا بھی شامل ہے، مدعی ایس ایچ او نے کہا کہ میں گلشن اقبال ایروکلب گراؤنڈ کے قریب گشت پر تھا کہ اسی دوران گراؤنڈ کی دیواروں پر مختلف عبارتیں تحریر کی گئی تھی۔

مدعی مقدمہ اشرف جوگی کا کہنا تھا کہ ایک پلڑے میں پاکستان کا نقشہ اور دوسرے میں ڈالروں کی گڈی بنائی گئی، سوشل میڈیا پرایک ویڈیو اور پانچ تصاویر بھی موصول ہوئی۔

ایس ایچ او اشرف جوگی نے مزید کہا کہ ویڈیو میں ایم این اے عالمگیر خان اور 5 صورت شناس نامعلوم افراد ہیں، عبارتوں کے ذریعے اداروں اور عدلیہ کی کردار کشی اور تضحیک کی گئی۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ عمل کا مقصد اداروں کے خلاف اکسانا اور بھڑکانا مقصود ہے، ایک جگہ لکھا تھا جنگل کا قانون ہم سے بہتر ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *