سری لنکا کے خلاف وائیٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین اسکواڈز کا اعلان

کراچی، () پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کےخلاف 24 مئی سے شروع ہونے والی وائیٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ اسکواڈز کااعلان کردیا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر گل فیروزہ اور لیگ اسپنر طوبہٰ حسن کو قومی خواتین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ملتان اور لاہور سے تعلق رکھنے والی بالترتیب گل فیروزہ اور صدف شمس کو 15 رکنی قومی خواتین ایک روزہ اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ویمنز چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ اور کپتان بسمہ معروف سے مشاورت کے بعد دونوں اسکواڈز کا انتخاب کیا۔انہوں نے 9 مئی سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری پری سیریز کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے بعد اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔

مزید پڑھیں: کھارادر دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج

کپتان بسمہ معروف، فاطمہ ثناء، عالیہ ریاض اور ڈیانا بیگ بھی دبئی میں فیئر بریک انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی ایونٹ میں شرکت کے بعد کراچی پہنچ گئی ہیں۔ یہ چاروں کھلاڑی 21 مئی بروز ہفتہ سے اسکواڈ کو جوائن کریں گی۔جب کہ سری لنکا کے خلاف لگایا جانے والا پری سیریز کیمپ آج مکمل ہوجائے گا۔

چیف سلیکٹر ویمنز کرکٹ اسماویہ اقبال نے قومی خواتین ٹی ٹونٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ ز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گل فیروزہ، صدف شمس اور طوبہٰ حسن مستقبل میں بھی ویمنز کرکٹ میں بہترین اضافہ ثابت ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ان تینوں کھلاڑیوں نے دسمبر میں منعقدہ ایمرجنگ کیمپ کے دوران بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا، لہٰذا ان کے انٹرنیشنل کرکٹ میں داخلے کے لیے یہ موزوں وقت ہے۔

انہوں نےکہا کہ طوبہٰ حسن کو حالیہ ورلڈکپ میں بحیثیت ریزرو کھلاڑی بھیجا گیا تھا، وہ ایک اچھی اسپنر ہیں جو پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ ڈیپارٹمنٹ کو مزید تقویت بخشیں گی۔انہوں نے کہا کہ گل فیروزہ اور صدف شمس کے کھیل میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: سابقہ حکومت سے ایک سوال

اسماویہ اقبال نے مزید کہا کہ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے لیے پری سیریز کیمپ کے دوران ٹی ٹونٹی اور پچاس اوورز کے متعدد پریکٹس میچز کھیلے گئے، جس کی بنیاد پر ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈز کا انتخاب کیا گیا۔وہ پرامید ہیں کہ دونوں ممالک کے مابین سیریز میں بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال اور طوبہ حسن۔

ون ڈےانٹرنیشنل سکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، غلام فاطمہ، گل فیروزہ، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سدرہ نواز۔

اسپورٹ اسٹاف:
آسیہ خان (منیجر)، ڈیوڈ ہیمپ (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (باؤلنگ کوچ)، وقار اورکزئی (اسسٹنٹ کوچ)، صبور احمد (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، رفعت اصغر گل (فزیو تھراپسٹ)، ڈاکٹر محمد خرم (ڈاکٹر)، زبیر احمد (اینالسٹ)

مزید پڑھیں: ملک دشمن قوتیں کراچی میں بم دھماکوں میں ملوث ہیں ، مولانا محمد یوسف سلفی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچز 24، 26 اور 28 مئی کو جب کہ ون ڈے میچز یکم جون ، 3 جون اور 5 جون کو کراچی میں کھیلے جائیں گے، سیریز کے لیے سری لنکن ٹیم کل کراچی پہنچے گی۔

یاد رہے کہ ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جب کہ پاکستان پہلی بار آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی میزبانی کررہا ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *