لندن فیصلوں پر آئندہ 48 گھنٹوں میں قوم کو اعتماد میں لیں گے: خواجہ آصف

لندن فیصلوں پر آئندہ 48 گھنٹوں میں قوم کو اعتماد میں لیں گے: خواجہ آصف

لندن: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ لندن میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت لیگی رہنماؤں اور سربراہ نواز شریف کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں ملکی مسائل کے حل کیلئے حتمی فیصلے تک پہنچنے سے قبل حکومت کے اتحادیوں کے سامنے رکھے جائیں گے اور حکومت آئندہ 48 گھنٹوں میں عوام کو اعتماد میں لے گی۔

ایک نجی چینل کے مطابق خواجہ آصف نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لینے تک ہم کسی حتمی فیصلے تک نہیں پہنچ پائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما لندن میں ہونے والے کابینہ اجلاسوں میں کیے گئے اہم فیصلوں کے بارے میں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور میڈیا سے صرف مبہم الفاظ میں بات کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ لندن میں جو بھی بات چیت ہوئی اسے تمام اتحادیوں کے سامنے رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہم ایک اتحادی حکومت ہیں، ہم اکیلے فیصلے کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں کیونکہ صرف مسلم لیگ (ن) ہی نہیں بلکہ پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ایف)، بی این پی (مینگل)، بی اے پی، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتیں بھی اس میں حصہ دار ہیں۔

انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ حکومت دباؤ میں ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی دباؤ ہے تو پاکستانی عوام کی جانب سے ہو سکتا ہے، یہ ان کا حق ہے، وہ آئین اور قانون کے مطابق اصل حکمران ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہم اور ہمارے اتحادی شراکت دار اپنا کیس پاکستان کے عوام کے سامنے رکھیں گے اور اگلے 48 گھنٹوں میں انہیں اعتماد میں لیں گے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے سعد رفیق نے اس خیال کو مسترد کر دیا کہ موجودہ حکومت دیوار سے لگی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ بہت جلد آپ ہمیں کُھل کر کھیلتا دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حامیوں کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، یہ بالکل واضح ہے اور یہ کیسے ہوگا؟ یہ چند روز میں پتا چل جائے گا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *