عمران خان کی سیاست میں ریورس گیئر لگا دیا گیا

عمران خان کی سیاست میں ریورس گیئر لگا دیا گیا

تحریر: شکیل نائچ

یہ 7 مارچ 2022ء کی بات ہے جب میں نے فیس بک پر لکھا کہ کیا عمران خان گھر جارہے ہیں ؟ جس میں کھل کر لکھا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی اتحادی جماعتیں ان کا ساتھ چھوڑ دیں گی اور عمران خان گھر چلے جائیں گے۔

اس وقت کئی تجزیہ نگار اور ہمارے اچھی دوست ناراض ہوگئے اور کہا کہ یہ باتیں بے بنیاد ہیں مگر وقت نے ثابت کردیا کہ وہ سب باتیں صحیح تھیں اس وقت تک جو ہوچکا وہ اب آپ کے سامنے ہیں اب ہم آپ کو آئندہ کے معاملات کے بارے میں آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔

اب جو کچھ آئندہ ہونے والا ہے وہ کچھ اس طرح ہے کہ عمران خان آئین توڑنے، فارن فنڈنگ کیس، فرح گوگی منی لانڈرنگ کیس، توشہ خانہ کیس اور کرونا کے غیرملکی فنڈز کیس میں سزایافتہ ہوجائیں گے جس کے بعد وہ انتخابات میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دیئے جائیں گے۔

وہ کچھ وقت کے لئے جیل بھی جاسکتے ہیں چونکہ وہ ہمیشہ شاہانہ زندگی گذاری ہے اس لئے ان کے لئے جیل کی سختیاں برداشت کرنا مشکل ہوگا اس لئے وہ کچھ عرصہ کے لئے بیرون ممالک چلے جائیں گے۔

عمران خان کی ساری کوشش ہے کہ موجودہ حکومت فوری طور پر عام انتخابات کا اعلان کرے تاکہ عمران اس شور شرابہ میں عام انتخابات میں کامیاب ہوجائیں اور پھر وہ 29 نومبر کو اپنی مدت ملازمت مکمل کرکے ریٹائر ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوا کے بعد نیا آرمی چیف کا تقرر وہ خود کریں ظاہر ہے وہ اپنے پسندیدہ جرنیل کو نیا آرمی چیف بنائیں گے اور پھر وہ 2028ء تک وزیر اعظم رہیں گے۔

مگر یہ ان کا شیخ چلی کا خواب ہے اسٹیبلشمنٹ، وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کا اتفاق ہوگیا ہے کہ عام انتخابات آئندہ سال ہوں گے اس لئے عمران خان کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بیانات دیئے الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے احتجاج کیا مگر اس کے باوجود عام انتخابات رواں سال کے بجائے آئندہ سال ہوں گے۔

نئے آرمی چیف کا تقرر وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے۔ آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانا اور نئے آرمی چیف کی تقرری موجودہ وزیر اعظم کی جانب سے کرنے کے بعد عمران خان کی سیاست کو ریورس گیئر لگ جائے گا اور وہ 2008ء اور 2013ء کی پوزیشن پر آجائیں گے ۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *