مسجد نبویؐ واقعے پر متعدد پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا

مسجد نبویؐ

مسجد نبویؐ میں پیش آنے والے واقعے پر سعودی عرب کی جانب سے متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر انفارمیشن سعودی سفارتخانہ فواد العثمین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز مسجد نبویؐ میں پیش آنے والے واقعے پر سعودی حکومت کی جانب سے کارروائی کی گئی ہے اور اس دوران متعدد پاکستانیوں کو حراست میں لیا گیا ہے جب کہ یہ گرفتاریاں قواعد توڑنے پر کی گئی ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ سعودی عرب جانے والے حکومتی وفد کی مسجد نبویﷺ آمد پر وہاں موجود پاکستانیوں کی جانب سے حکومتی وفد کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور مسجد نبویؐ کا تقدس پامال کرنے کی کوشش کی گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد نبویﷺ کے احاطے میں موجود پاکستانی زائرین نے وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو دیکھتے ہی چور ، چور کے نعرے لگانا شروع کردیے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مقدس مقامات کی توہین کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

نامور مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’’ آج مسجد نبوی میں احتجاج کی صورت میں جو حرم شریف کی پامالی کی گئی یہ بالکل اسلام میں درست نہیں ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے‘‘۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر اپنے وفد کے ہمراہ سعودی عرب میں موجود ہیں ، ان کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب ، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، خواجہ آصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی سمیت دیگر بھی موجود تھے

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *