سعودی عرب سے کم قیمت پر تیل اور سرمایہ کاری سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے: فرخ قندھاری

سعودی عرب سے کم قیمت پر تیل اور سرمایہ کاری سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے: فرخ قندھاری

کراچی: کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے قائم مقام صدر فرخ قندھاری نے وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہیں، جس کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات ملکی تاریخ کی مہنگی ترین سطح پر ہیں، جس سے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سعودی عرب سے کم قیمت اور ادائیگی میں تاخیر کی سہولت حاصل کرنے کے علاوہ سرمایہ کاری کیلئے سعودی ولی عہد سے تبادلہ خیال کریں۔ قائم مقام صدر کاٹی نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہونے کے باعث سعودی حکومت ماضی کی طرح تعاون کرے تو پاکستان اس مشکل وقت سے نکل سکتا ہے۔

انہوں نے اس سلسلے میں وزیر اعظم کے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا۔ فرخ قندھاری نے کہا کہ سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو سب سے زیادہ ترسیلات زر ارسال کرتے ہیں، تاہم توقع ہے کہ وزیر اعظم پاکستانی کمیونٹی سمیت سرمایہ کاری کیلئے سعودی سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کرکے نئی سرمایہ کاری کیلئے انہیں راغب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ماضی میں متعدد مواقع پر پاکستان کی مدد کی اور تیل کی تاخیر سے ادائیگی کی سہولت فراہم کی جس سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت میں کمی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ضروری ہے کہ پاکستان فوری طور پر دوست ممالک سے تعاون حاصل کرے تاکہ معیشت کو درپیش مشکلات پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *