مریم نواز کیخلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر ایس ایچ او معطل

مریم نواز کیخلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر ایس ایچ او معطل

چیچہ وطنی: ڈسٹرکٹ پولیس افسر نے منگل کے روز چیچہ وطنی صدر کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کو سوشل میڈیا پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر معطل کردیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈی پی او نے چیچہ وطنی صدر سرکل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے تاکہ معاملے کی تحقیقات کرکے تین ہفتوں میں رپورٹ پیش کی جائے۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ڈسپلن فورس کا رکن ہونے کے ناطے ایس ایچ او سب انسپکٹر اے ڈی شاہین کی طرف سے دیئے گئے ’’ریمارکس‘‘ ناپسندیدہ ہیں۔

اے ڈی شاہین نے پیر کو مریم نواز کے خلاف اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر توہین آمیز اور ہتک آمیز تبصرے اپ لوڈ کیے تھے۔ معطلی کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایس ایچ او کو ان کی نااہلی، غیر ذمہ دارانہ رویے اور فرائض کی ادائیگی میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں نے ایس ایچ او کے تبصروں کی مذمت کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ کس طرح ایک آن ڈیوٹی پولیس اہلکار ایک اہم سیاسی جماعت کی نائب صدر کے خلاف تضحیک آمیز زبان استعمال کر سکتا ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *