کراچی: صوبائی وزیر جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ صوبائی جامعات کی سیکیورٹی ایس اوپیز کے حوالے سے ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور نئے سیکورٹی پلان کے حوالے سے بھی بات چیت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چین کا پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ہے اور پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش کی گئی ہے۔
اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور اس میں جو بھی ملوث پایا جائے گا اس کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھماکے کے مقام کا دورہ کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون، قائم مقام رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مقصود علی انصاری، کیمپس سیکورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر محمد زبیر اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان و دیگر بھی موجود تھے۔