وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سالانہ امتحانات کی مارکنگ کا عمل شروع ہوگیا

ملتان : وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سالانہ امتحانات کی مارکنگ کا عمل شروع ہوگیا،ملک بھر سے ممتحنین،مدرسین اور منتظمین ملتان پہنچ گئے،وفاق المدارس کے سالانہ امتحانات کے لیے ملک بھر میں 2578 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔امتحانات میں470942طلبہ وطالبات نے شرکت کی،88976 خوش نصیب بچوں اور بچیوں نے حفظ قرآن کریم کی تکمیل کے بعد فائنل امتحان دیا۔

ناظم اعلیٰ وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے وفاق المدارس کے جملہ قائدین،ذمہ داران اور امتحانی عمل میں شریک نگران عملے اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام 1443ہجری اور 2022ء کے سالانہ امتحانات میں ملک بھر سے مجموعی طور پر چار لاکھ ستر ہزارنوسو بیالیس طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔

ان طلبہ وطالبات کے لیے ملک بھر میں دوہزار پانچ سو اٹھتر امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے جن میں تقریبا 17 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل نگران عملہ اور کارکنان نے خدمات سرانجام دیں- ملک بھر میں ایک ہی وقت میں ایک پیپر اورایک نظام کے تحت ہونے والے امتحانات میں کسی جگہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور مثالی نظم وضبط اور امن وامان کے ساتھ امتحانات انعقاد پذیر ہوئے یاد رہے کہ اس سال حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے والے 88 ہزار976 طلبہ وطالبات نے حفظ کے امتحانات میں شرکت کی-

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری نے ملک بھر میں امتحانات کے کامیاب انعقاد پر صدر وفاق،نائب صدوروفاق،وفاق المدارس کے سرپرستوں،صوبائی ناظمین،اراکین عاملہ،ضلعی ومقامی مسوولین،نگران عملے،دفتر وفاق کے کارکنان اور میڈیا سنٹرز کے ذمہ داران اور امتحانی مراکز بنائے جانے والے مدارس و جامعات کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ محض اللہ رب العزت کے فضل وکرم اوروفاق المدارس کے جملہ وابستگان کی اجتماعی کوششوں اور محنت سے ممکن ہوا-

دریں اثناء ملک بھر سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے ملحقہ مدارس کے مدرسین،اساتذہ کرام اور ممتحنین و منتظمین ملتان پہنچ گئے ہیں جہاں آج سے مارکنگ اور پرچوں کی چیکنگ کا عمل شروع کیا جا رہا ہے-

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *