‘گیم چینجر’ آزاد امیدواروں کیلئے کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کا آج آخری دن

اسلام آباد: عام انتخابات 2018 میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کے لیے اپنی پسند کی سیاسی جماعت میں شمولیت کا آج آخری دن ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پارٹی لیڈر آزاد امیدواروں کی شمولیت سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گا جبکہ آزاد امیدوار کو پارٹی میں شمولیت کا حلف نامہ بھی جمع کرانا ہوگا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 4 اگست تک انتخابی اخراجات کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد 7 اگست کو امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے تھے۔

کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن کے بعد آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ بننا لازمی ہے۔

شیڈول کے مطابق 9 اگست تک قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئےجائیں گے۔
بعدازاں صدرِ پاکستان قومی اور چاروں صوبوں کے گورنر صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس طلب کریں گے۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی کا اجلاس 12 سے 14 اگست کے دوران بلانے کے لیے سمری صدر مملکت کو ارسال کی جاچکی ہے۔

قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں منتخب اراکین خود حلف اٹھانےکے علاوہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور قائدِ ایوان (وزیراعظم) کا چناؤ بھی کریں گے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *