فوج سے کون کیوں ڈرتا ہے مجھے معلوم ہے ، عمران خان

ملکی صورتحال پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جو کرپشن کرتے ہیں فوج کا ڈر انھیں ہوتا ہے، میں نہ کرپٹ ہوں اور نہ ہی پیسے بنا رہا ہوں۔

عمران خان نے میڈیا پر غیر ذمہ داری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایک اخبار نے خبر لگائی کہ حکومت سی پیک پر نظرثانی کررہی ہے، اس خبر سے پاک چین تعلقات خطرے میں پڑ گئے تھے، اپنی ذات کی پرواہ نہیں، لیکن غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے ملک کو نقصان نہیں ہونا چاہیے، اگر کوئی اور ہوتا میڈیا کو اتنے جرمانے ہوتے کہ چینلز بند ہو جاتے۔ وزیراعظم نے مزید کہا میرا میڈیا سے 40 سال کا تعلق ہے، مشرف کو میں نے مشورہ دیا تھا کہ ٹی وی چینلز کھولیں، میڈیا میں ڈیڑھ سال سے میرے اوپر ذاتی حملے کیے گئے، کون سے جمہوری ملک میں وزیراعظم کو اس طرح نشانہ بنایا جاتا ہے۔ عمران خان نے شکوہ کیا کہ میرے خلاف خبر چلی جس پر پیمرا نے کارروائی کی، پیمرا کے ایکشن کے خلاف چینل نے عدالت سے حکم امتناعی لیا، میں وزیراعظم ہوں مجھے سوا سال سے انصاف نہیں ملا، بطور وزیراعظم کھل کر بات بھی نہیں کر سکتا۔

عمران خان نے انتظامی امور میں مبینہ عدالتی مداخلت سے متعلق کہا کہ کسی کے خلاف ایکشن لو تو وہ عدالت سے سٹے لے لیتا ہے، پی ایم ڈی سی کو ختم کیا تو عدالت نے بحال کردیا، پی ایم ڈی سی اگر درست کام کرتا تو 5 ہزار پاکستانی ڈاکٹرز کی ڈگریاں منسوخ نہ ہوتیں۔

عمران خان کا اپنی تنخواہ کو کم قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ میں اپنا سارا خرچہ خود برداشت کرتا ہوں، سب کو پتا ہے میں کتنی محنت کررہا ہوں، شاید میں دنیا کاسب سے کم تنخواہ لینے والا وزیراعظم ہوں، میرا صرف سیکیورٹی کا خرچہ ہے جو مجبوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب آئے تو صرف دو ہفتے کے زرمبادلہ ذخائر رہ گئے تھے، سعودی عرب، یو اے ای اور چین مدد نہ کرتے تو ہم ڈیفالٹ کر جاتے، اگر ہم ڈیفالٹ کر جاتے تو ڈالر 220 پر چلا جاتا، ہماری معاشی ٹیم کے بہتر اقدامات سے ڈالر مستحکم ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں