بادشاہی مسجد لاہور میں عظیم الشان صدیق اکبرؓ کانفرنس کا انعقاد،جیدعلماءکرام کی شرکت

لاہور : بادشاہی مسجد لاہور میں امیرالمومنین حضرت سید نا صدیق اکبر ؓ کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزادخطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور نے کی جس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام نے شرکت کی۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابو بکر ؓ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے اسلام اور پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کے فرمان پر اپنا سب کچھ قربان کردیا،آپ ؓ اسلام قبول کرنے والوں میں سب سے پہلے ہیں،آپ ؓ نے اشاعت دین کے لیے ایک عظیم کردار ادا کیا،آپؓ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے نہ مال کی نہ اولاد کی اور نہ جان کی پرواہ کی سب کچھ اسلام اور پیغمبرعالم حضرت محمدؐ کے فرمان پر قربان کر دیا،آپ ؓ کے دور خلافت میں بہت سی فتوحات ہوئی نبی اکرم ؐ نے فرمایا کہ میری امت میں سب سے زیادہ مہربان ابو بکر ؓ ہیں،آج ہمیں چاہیے کہ خلیفہ اول امیرالمومنین حضرت سید نا ابو بکر صدیق ؓ کی سیرت کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں،آپ ؓ ہی کے دورخلافت میں بہت سے فتنوں کو ختم کیا گیا اور نبوت کے جھوٹے دعوے داروں کو واصل جہنم کیا گیا۔

مولانا آزاد نے آخرمیں سانحہ انارکلی کی مذمت کی اور انھوں نے کہا کہ دشمن نہیں چاہتا کہ امن کی فضاء ملک میں قائم رہے ہم دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ سانحہ انارکلی کے دہشت گردوں کو جلد پکڑ کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

مقررین حضرات میں مولانا سردار محمد خان لغاری،مفتی مبشر احمد،علامہ نعیم بادشاہ،مولانا عبدالستارنیازی،قاری ظہوراحمد،قاری انیس الرحمن، حافظ فیصل بلال حسان،حماد فخر قصوری، صاحبزادہ سید عبدالقدیر آزاد،صاحبزادہ سید عبدالبصیر آزاد،صاحبزادہ سید عبدالکبیرآزاد،صاحبزادہ سید عبدالرزاق آزاد،بلال احمد میر،خواجہ اسلم صحاف اورچوہدری شہباز،چوہدری اکبرگجر،پروفیسر عبدالحمید و دیگر علماء کرام و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

آخر میں ملکی سلامتی،بقاء،خوشحالی،اسلام کی سربلندی اور سانحہ انارکلی میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کے لیے صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *