این ڈی سی ٹیک نے بینک آف پنجاب ڈیجیٹل ایپ میں حساب کتاب PFM کو شامل کر لیا

لاہور: دی بینک آف پنجاب نے ذاتی مالی مینجمنٹ کیلئے مقامی فن ٹیک حساب کتاب سلوشن کو اپنی ڈیجیٹل بینکنگ سروسز میں شامل کر دیا۔ یہ اشتراک تھامسن کے ایوارڈ یافتہ علاقائی شراکت دار فن ٹیک کے ذریعے عمل میں لایا گیا۔ دی بینک آف پنجاب نے سرکردہ ڈیجیٹل بینکنگ پلیٹ فارم تھامسن کو ملک بھر میں میں موجود اپنے تمام چینلز کیلئے حاصل کیا ہے۔

اس اشتراک کے تحت حساب کتاب اپنی ذاتی مالی مینجمنٹ(پی ایف ایم) کے حل کا لائسنس فراہم کرے گا جبکہ این ڈی سی ٹیک حل کو مربوط کر کے موبائل و انٹرنیٹ بینکنگ صارفین کو اگلی نسل کا صارف تجربہ فراہم کرے گی۔یہ ایپ مربوط ہونے کے بعد موبائل صارفین کو ہر ذمرے کے اخراجات کی معلومات، ریکارڈ، بجٹ پلان، بچت کے متعلق معلومات، ذاتی آگاہی اور دیگر بے شمار سہولیات فراہم کرے گی۔پی ایف ایم کے استعمال کے سے صارفین مالی فیصلے سے آگاہی حاصل کر سکیں گے اس کے ساتھ ہی انھیں اضافی تجزیہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ حساب کتاب صارف ایپ 160 سے زائد ممالک کے صارفین 1 کروڑ 20 لاکھ سے زائد ٹرائزیکشنز کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔

’حساب کتاب‘ کے سرابراہ یاسر الیاس نے کہا کہ حساب کتاب ذاتی مالی مینجمنٹ ٹول،بی اوپی صارفین کو ان کے مالی ڈیٹا کی جامع تصویر فراہم کرے گا۔ جس سے صارفین اپنے اخراجات کو مد نظر رکھ کے بجٹ بنا سکتے ہیں، بچت کر کے اپنے خوابوں کی تعبیر پاسکتے ہیں، ہر ذمرے میں کیے گئے اخراجات پر نظر رکھ سکتے ہیں، اپنے اخراجات کی مکمل تفصیل اور کیش فلو کی معلومات وغیرہ حاصل کر سکتے ہیں۔

این ڈی سی ٹیک کے سیلز ڈائریکٹر اور سینئر وائس پریزیڈنٹ نوید کریم نے کہا کہ ہم بینک کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں جو ان کو سب سے پہلے ڈیجیٹل بننے میں مدد فراہم کرے گا۔ این ڈی سی ٹیک کی کثیر الجہتی مہارت اورحساب کتاب ذاتی مالی مینجمنٹ ٹول کے ساتھ دی بینک آف پنجاب اپنے موبائل صارفین کو ان کی رقوم کا درست تجزیہ پیش کرے گا جس کے سبب وہ آسانی سے مالی معاملات میں درست فیصلے کرنے کے قابل ہوں گے۔ ہم اس اشتراک کے ساتھ صارفین کو ایک زبردست ڈیجیٹل تجربہ فراہم کریں گے۔

دی بینک آف پنجاب کے گروپ چیف کنزیومر اینڈ ڈیجیٹل بینکنگ زاہد مصطفی نے کہا کہ ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تیزی سے صارفین کی زندگی کا حصہ بنتی جا رہی ہیں اب ہمارے صارفین توقع کر رہے ہیں کہ پرسنلائز بینکنگ خدمات انھیں ہر وقت اور ہر جگہ دستیاب ہوں۔ دی بینک آف پنجاب کیلئے ہر چیزکا محور صرف صارفین ہی ہیں۔ ہمارے ڈیجیٹل اقدامات کا مرکز بہترین صارف تجربہ حاصل کرناہے اور اپنے صارفین کیلئے ذاتی مالی مینجمنٹ کی صلاحیت کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم این ڈی سی ٹیک اور حساب کتاب کے ساتھ موبائل ایپ اور انٹرنیٹ بینکنگ کیلئے پی ایف ایم خدمات کیلئے اشتراک پر بہت پُر جوش ہیں۔ انھوں نے کہاگو کہ ملک میں ذاتی مالی مینجمنٹ اختیار کرنے کا رجحان کم ہے تاہم انھوں نے اسے صارفین کے لیے انتہائی آسان اور سادہ بنا دیا ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *