کے پی کے عوام نے مہنگائی کا غصہ بلدیاتی انتخابات میں نکالا، جسٹس وجیہہ

کراچی : پاکستان قومی اتحاد کے چیئرمین جسٹس (ر) وجیہ الدین نے کہا ہے کہ کے پی بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا سہرا مہنگائی کو جاتا ہے۔ خیبر پختون کے بلدیاتی انتخابات میں جے یو آئی (ف) کی فتح بظاہر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی فتح نظر آرہی ہے۔ لیکن ملک کے معاشی حالات کے تناظر میں پی ٹی آئی کی اپنے گڑھ میں ناکامی کی سادی سی وجہ مہنگائی ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ لوگوں کے دلوں اور دماغوں کو جانے والا راستہ پیٹ سے ہوکر جاتا ہے۔ جبکہ مہنگائی اور بدترین معاشی حالات نے عام آدمی کی دو وقت کی روٹی بھی اجیرن بنا دی ہے۔ تیسری دنیا کے ممالک میں حکومتوں کا یہی وطیرہ ہے کہ وہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو بڑھا کر، قرضے چڑھا کر غربت اور بھوک کو پروان چڑھاتی ہیں۔ ہمارے ملک میں بھی اب تک آنے جانے والی حکومتیں اپنے اپنے ادوار میں انٹرنیشنل ایجنڈے پر چلتی رہی ہیں۔ یہی کچھ عمران حکومت کر رہی ہے۔ اس کے منطقی نتیجے میں پاکستان کے مظلوم عوام پر اتنا بوجھ ڈال دیا گیا جسے اٹھانے کی وہ سکت نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ برآمدات و درآمدات میں ہم آہنگی لانے کے لئے سمندر پار پاکستانیوں کی جمع پونجی جھونک دی گئی تب بھی کمر توڑ خسارے کا کیا بنتا ہے۔ معیشت مفلوج اور عوام نان شبینہ سے بھی محروم ہیں، لہٰذا انتخابات میں اور کیا ہوتا؟ بل کلنٹن نے اپنے صدارتی انتخاب کے دوران برملا اظہار کیا کہ ’’یہ دراصل معیشت ہے، بیوقوف‘‘: It’s the economy stupid۔ ویسے بھی امریکیوں کا ماننا ہے کہ تمام ملکی سیاست ملازمتوں کی سیاست ہے: All local politics is about jobs۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *