بابراعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

بابر اعظم

لاہور؛ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم تینوں فارمیٹ میں آئی سی سی کی ٹاپ ٹین رینکنگ میں موجود واحد بلے باز بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بات کی جائے تو محمد رضوان نے رواں سال 1833 رنز بناکر کلینڈر ایئر میں کرس گیل کا 6 سالہ ریکارڈ کا خاتمہ کیا جب کہ دوسرے نمبر پر بابراعظم نے 1693 رنز اسی سال اسکور کیے۔

اس کے علاوہ بابراعظم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ 303 رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے جو دنیا کے کسی بھی کھلاڑی کے لیے اپنے پہلے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز ہیں تاہم اب بابراعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بابراعظم آئی سی سی کے تینوں فارمیٹس کی رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے والے واحد بلے باز بن گئے ہیں، اس سے پہلے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور کین ولیمسن بھی اس فہرست میں شامل تھے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے رینکنگ میں بلے بازوں پر حکمرانی کررہے ہیں۔ بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں ڈیوڈ ملان اور ون ڈے میں ویرات کوہلی سے یہ پوزیشن چھینی جب کہ ٹیسٹ کی رینکنگ میں بابراعظم ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔

اس کے علاوہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ ٹین سے باہر ہوگئے ہیں جب کہ ون ڈے میں وہ دوسری اور ٹیسٹ میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *