پاکستان نے بنگلا دیش کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا

پاکستان

ڈھاکہ: تیسرے اور آخری میچ میں شکست دیکر پاکستان نے بنگلا دیش کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا، بابر اعظم 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، رضوان 40 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

حیدر علی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 45 رنز کی اننگز کھیلی تاہم آخری اوور میں جب پاکستان کو 8 رنز درکار تھے وہ آؤٹ ہوگئے۔ بنگلادیشی کپتان محمد اللہ  نے آخر اوور میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم محمد نواز نے 20 ویں اوور کی آخری گیند پر چوکا مار کر قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

اس سے قبل بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آغاز میں ہی پہلی وکٹ صرف 7 کے مجموعی اسکور پر گرگئی جس کے بعد محمد نعیم اور ون ڈاؤن آنے والے شمیم حسین نے اسکور آگے بڑھایا، محمد نعیم نے 47 جب کہ شمیم حسین نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستانی بولنگ اٹیک کے آگے بنگلادیش کی بیٹنگ ایک بار پھر خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور کوئی بھی بنگلادیشی کھلاڑی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا جس کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں میزبان ٹیم 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور عثمان قادر نے 2،2 جب کہ شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *