مردان میں ایک ہفتے کے دوران تین مختلف واقعات میں پانچ خواتین کو گولیاں مارکر قتل کر دیا گیا جن میں تین خواتین گھریلو ناچاقی جبکہ 2 کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا ہے۔
پہلا واقعہ علاقہ رستم میں سریخ کلے میں پیش آیا جس میں ملزم رحمت اللہ نے اپنی ستائیس سالہ بیوی مسماۃ سلمیٰ کو اور چچی چھتیس سالہ مسماۃ شہناز کو بدچلنی کے شبہ پر گھر کے اندر گولیاں مارکر قتل کردیا اور ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا پولیس تھانہ رستم نے بائیس سالہ ولی اللہ سکنہ سریخ کلے رستم کی رپورٹ پر اپنی بہن اور چچی کو غیرت کے نام پر قتل کرنے پر ملزم کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کردیا۔
دوسرے واقعے کے حوالے سے مردان کے شہری علاقہ مردان خاص دیگان خیل کے رہائشی محمد یاسین نے پولیس تھانہ ہوتی کو رپورٹ درج کرتے ہوئے کہ وہ گھر میں موجود تھا کہ انہیں اطلاع ملی کہ ان کی دو بہنیں مردان کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں قتل شدہ پڑی ہیں انہوں نے کہا کہ جب میں ہسپتال پہنچا تو پتہ چلا کہ ملزم شیرعلی نےاپنی بیوی اور میری بہن اٹھتیس سالہ مسماۃ بسمین اور دوسری بہن اکتیس سالہ سعیدہ زوجہ طاہر جو کہ ملزم کی بھابی تھی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس کے مطابق دونوں کو گھریلو ناچاقی پر قتل کیا گیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
تھانہ ہوتی کے انویسٹیگیشن آفیسر انسپکٹر میراخان نے خواتین کے قتل کیس کے حوالے سے بتایا کہ پولیس اپنی تفتیش کررہی ہے لیکن ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم کی اپنی بیوی سے ہر وقت جھگڑا رہتا تھا مہینہ پہلے ناراض ہوکرمیکے آئی ہوئی تھی لیکن بعد میں ملزم کے دوسرے بھائی کی ذمہ داری پراسے گھرلے جایا گیا انوسٹیگیشن انسپکٹر میراخان کے مطابق اسی رات بھی شوہر اور بیوی کا جھگڑا ہوا تھا اور مقتولہ اپنے والد کے گھر واپس جانا چاہ رہی تھی اور ملزم نے اپنی بیوی اور اس کی بہن جو ملزم کی بھابھی تھی کو گھر کے اندر قتل کردیا۔
انسپکٹر میراخان نے کہا کہ پولیس کاکام ہے کہ کیس کی مختلف زاویوں سے تحقیق کریں یہ تو ابتدائی معلومات ہے ہم مزید تفتیش کررہے ہیں جس میں متعلقہ فیملی کے پڑوسیوں سے بھی خفیہ معلومات اکٹھی کی جارہی ہے اور جب قاتل گرفتار کیا جاتاہے تو اس سے بھی تفتیش کی جاتی ہے کہ ان دونوں خواتین کی قتل کی اصل محرکات کیا تھے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کبھی مدعی اور قاتل کی باتوں پر بھروسہ نہیں رکھتا اور اپنے طریقہ کے مطابق تفتیش کرتاہے تیسرا واقعہ تھانہ لوندخوڑ کے علاقہ صافی آباد میں پیش آیا جہاں شوہرنے بھائی سے مل کر گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی کو گھر کے اندر قتل کردیا مقتولہ کے بھائی کے رپورٹ پر مقدمہ درج کردیا گیا۔