سیکرٹری بلدیات سندھ سید نجم احمد شاہ کے ہنگامی دورے، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری بلدیات، ہاوئسنگ و ٹاون پلاننگ حکومت سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے منوڑہ بیچ اپ فرنٹ سائٹ، بینظیر بھٹو ٹاون، مندیاری سمیت ضلع کیماڑی کا علی الصباح دورہ کیا۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی گزشتہ دنوں منوڑہ بیچ اپ فرنٹ پراجیکٹ کا دورہ فرمایا تھا۔ منوڑہ ساحل اپ لفٹ پراجیکٹ KDA کا تیار کردہ منصوبہ ہے اور اس کے آپریشنل پراسس کی نگرانی پاکستان نیوی سر انجام دے گی۔ دورے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انجینئر سید نجم احمد شاہ نے بتایا کہ کراچی کی عوام کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے منوڑہ ساحل اپ لفٹ پراجیکٹ جو کہ 650ملین کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے ایک عالمی معیار کی تفریح گاہ ثابت ہوگا جہاں فیملیز نہایت اطمینان و سکون کے ساتھ لطف اندوز ہوسکیں گی۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کے مطابق انٹرنیشنل اسٹینڈرز کے مطابق 29 شیلٹرز منوڑہ کی ساحل سمندر پر نصب کردیے گئے ہیں جن کے سائے تلے بیٹھ کر باآسانی سمندر کی موجوں سے لطف اندوز ہوا جاسکے گا۔ تمام تفریح گاہ کو پھولوں اور خوشنما پودوں سے مزین کرنے کے ساتھ ساتھ زولوجیکل گارڈن بھی تیار کردیا گیا ہے۔ فیملیز کے ساتھ آنے والے اطفال کے لئے چلڈرن پلینگ ایریا بھی فراہم کردیا گیا ہے جہاں فول پروف سیکورٹی کے ساتھ بچے پکنک کا مزا اٹھا سکیں گے۔

مزید پڑھیں: سرکاری زمینوں سے قبضے ختم کرنے کے لئے جد یشل کمیشن بنایا جائے۔ حلیم عادل شیخ

نجم احمد شاہ نے بتایا کہ حکومت سندھ نے صاف ستھرے واش رومز اور فوڈ کورٹ کی سہولت بھی نوتعمیر شدہ منوڑہ ساحل پر فراہم کردی ہے جن کا مقابلہ کسی بھی عالمی سطح کے بزنس ماڈیول سے کیا جاسکتاہے۔ رات کے اوقات میں خوبصورت و دلکش لائٹوں کے ذریعے نوتعمیر شدہ منوڑہ ساحل کی خوبصورتی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے جو لازمی طور پر سیر کے لئے آنے والوں کو اپنے سحر میں مبتلا کردے گی۔

منوڑہ ساحل کے دورے کے بعد سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ ماڑی پور Y junction روڈ کے معائنے پر تشریف لے گئے جہاں انہوں سڑک کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے جاری سرگرمیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ہدایات دیتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے ڈپٹی کمشنر کیماڑی کو کہا کہ نو تعمیر شدہ سڑک کی صفائی اور باقاعدہ دیکھ بھال کا مناسب انتظام کیا جائے، ہیوی ٹرالرز کی غیر ضروری آمد رفت کو قابو کیا جائے، لب سڑک لگنے والوں پتھاروں اور ٹھیلوں سے سڑکوں کو پاک کیا جائے، سروس روڈز پر گاڑیاں پارک کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے اور قبضہ مافیا سمیت تمام غیر متعلقہ افراد سے علاقے کو پاک کیا جائے۔ ہمارےنمائندے سے گفتگو میں نجم احمد شاہ نے بتایا کہ 1400 ملین کی لاگت سے جاری ماڑی پور روڈ کی تعمیر جلد مکمل ہوجائے گی۔

مزید پڑھیں: کراچی چڑیا گھر میں دستیاب تفریحی سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے، مرتضی وہاب

بعد ازاں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے ہاکس بے جنکشن پر واقع پدنائی نالے کا معائنہ کیا اور مندیاری میں نالہ متاثرین کی آبادکاری کے حوالے سے زیر غور 250 ایکٹر پر محیط اراضی کا بھی معائنہ کیا۔ سیکرٹری بلدیات نجم احمد شاہ بینظیر بھٹو ٹاون اور سول سروسز اسٹاف سوسائٹی بھی تشریف لیکر گئے جہاں انہوں نے تفصیلی دورے کے دوران مختلف ہدایات جاری کیں اور تعمیری سرگرمیوں کے معیار اور رفتار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے احکامات جاری کئے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *