بابراعظم اور رضوان رواں برس کی کامیاب ترین جوڑی قرار

بابراعظم

لاہور: قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو رواں برس کی کامیاب ترین جوڑی قرار دیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان کرکٹ ٹیم ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں اوپننگ جوڑی بابر اعظم اور محمد رضوان پر بہت زیادہ انحصار کررہی ہے،رواں ماہ شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی توقعات کا بوجھ ان دونوں کے کندھوں پر ہوگا۔رواں برس ٹی 20 فارمیٹ میں سب سے کامیاب جوڑی بھی بابر اور رضوان ہی کی ہے۔

دونوں نے 56.61 کی اوسط سے 736 رنز اسکور کیے، ان کے بعد دوسرے نمبر پر موجود شیکھر دھون اور پارتھیو شاہ نے 47.46 کی ایوریج سے 712 رنز بنائے ہیں۔

بابر اور رضوان کی اس فارمیٹ میں انفرادی کارکردگی بھی کافی بہتر ہے،کپتان کو تیز ترین 2000 ٹی 20 انٹرنیشنل رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس معاملے میں ویراٹ کوہلی دوسرے نمبر پر ہیں،بابر56 میں سے 21 اننگز میں ففٹی پلس اسکور بنا چکے۔

رضوان نے اس سال 14 اننگز کے دوران 7 نصف سنچریاں اور ایک سنچری بنائی،دلچسپ بات یہ ہے کہ بطور اوپننگ جوڑی دونوں 52.1 رنز فی اننگز کے حساب سے اسکور کرچکے۔

دوسری جانب ورلڈ کپ 2019 کے بعد ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں پاکستان کی ٹیم بلندیوں کی جانب گامزن رہی مگر پھر کارکردگی میں زوال آ گیا، مکی آرتھر کی کوچنگ کے دوران 3 برس میں پاکستان نے 37 میں 30 ٹوئنٹی 20 میچز جیتے اس کے بعد مصباح الحق آئے تو گرین شرٹس اس فارمیٹ میں 34 میں سے صرف 16 فتوحات ہی حاصل کرپائے، ٹیم بھی نمبر ون سے تیسری پوزیشن پر چلی گئی، اب ٹیم مینجمنٹ میں ایک اور تبدیلی ہوئی ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *