پیر سید محمد جلال الدین شاہ نقشبندی قرونِ اولیٰ کے پارساؤں کی ایک چلتی پھرتی تصویر تھے، ڈاکٹراشرف جلالی

اشرف جلالی کا اجلاس سے خطاب

لاہور : تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم اور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام 10 اکتوبر بروز اتوار بعد از نماز مغرب جامعہ جلالیہ رضویہ مظہر الاسلام داروغہ والا لاہور میں منعقد ہونے والی تاریخی ”حافظ الحدیث کانفرنس“ کی تیاریوں کے سلسلہ میں مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں ”ائمہ وخطباء کنونشن“ کا انعقاد کیا گیا۔

کنونشن کی صدارت ڈاکٹر محمد عبد الرشید مصطفوی نے کی جبکہ قاری محمد عبد الغفار گجر مہمان خصوصی تھے۔ ”ائمہ و خطباء کنونشن“ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے رہبر ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: امام العصر، حافظ الحدیث حضرت پیر سید محمد جلال الدین شاہ نقشبندی قادری قدس سرہ العزیز قرونِ اولیٰ کے پارساؤں کی ایک چلتی پھرتی تصویر تھے۔ آپ تمام علومِ عقلیہ و نقلیہ کے حافظ تھے۔ حافظ الحدیث قدس سرہٗ العزیز جیسی ہستیوں کے دامن سے وابستگی بدعقیدگی کے طوفانوں میں انسان کو گمراہ ہونے سے بچاتی ہے۔ ”حافظ الحدیث کانفرنس“ مرشد کامل حضرت پیر سید محمد جلال الدین شاہ صاحب نقشبندی کے افکار و نظریات اور تشریحات و تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لیے ہے۔

1940؁سے علوم دینیہ کی آبیاری کرنے والی قدیمی درسگاہ جامعہ محمدیہ نوریہ رضویہ بھکھی شریف کے شیوخ، اساتذہ اور فضلاء کانفرنس میں خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر جامعہ جلالیہ رضویہ مظہر الاسلام لاہور کے حفاظ کی دستارِ فضیلت بھی ہو گی۔ کنونشن میں قاری محمد فرمان علی حیدری، مولانا محمد صدیق مصحفی جلالی، مولانا محمد فیاض وٹو جلالی، قاری محمد اصغر ترابی، مولانا محمد اخلاق جلالی، مولانا محمد عبد اللطیف توگیروی، صاحبزادہ محمد حامد مصطفی جلالی، مولانا فاروق اعظم جلالی، مولانا محمد حنیف حسینی، مولانا محمد جمیل بیگ جلالی، مولانا محمد شاہد عمران جلالی، مولانا محمد عمر فاروق جلالی، مولانا محمد عمران رضا جلالی، مولانا محمد ارشد صدیقی، مولانا محمد وقار نقشبندی،مولانا محمد مظہر اقبال نورانی و دیگر نے شرکت کی۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *