گجر نالہ متاثرین کی آبادکاری جلد از جلد یقینی بنائی جائے، سید نجم احمد شاہ

کراچی: (اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری بلدیات، ہاوئسنگ و ٹاون پلاننگ سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹاون پلاننگ، ڈی جی MDA, ڈی جی LDA سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری بلدیات سندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجر نالہ متاثرین کی آباد کاری اور رہائش کے انتظامات کے حوالے سے اقدامات کو تیز تر بنایا جائے۔ نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ تمام متاثرین گجر نالہ کی رہائش و آبادکاری کے حوالے سے دستیاب وسائل پر مشتمل جامع رپورٹ مرتب کی جائے اور کسی بھی تاخیر کے بنا کاروائی کا باقاعدہ آغاز کیا جائے۔

مزید پڑھیں: قربانی کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی تیار ، سید نجم احمد شاہ

نجم احمد شاہ کے استفسار پر ان کو بتایا گیا کہ ساڑھے چھہ ہزار متاثرین کی ازسرنو آبادکاری کا بندوبست کرنے کے حوالے سے جگہ کا انتخاب کرنا باقی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے دوٹوک الفاظ میں یہ کہا کہ دستیاب زمینوں کا تفصیلی سروے ہنگامی بنیاد پر منعقد کیا جائے اور اس امر کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے کہ تمام متاثرین کو آباد کرنے سے قبل پانی، بجلی، گیس سمیت تمام بنیادی ضروریات زندگی اور انفرااسٹرکچر مکمل طور پر موجود ہو۔ نجم احمد شاہ نے ہدایت دی کہ کمشنر کراچی کے دفتر سے مکمل متاثرین کی تعداد اور ڈیٹا دوبارہ تصدیق کیا جائے۔

شرکا اجلاس کی جانب سے سیکرٹری بلدیات سندھ کو رائے دی گئی کہ متاثرین گجر نالہ کی آبادکاری کے حوالے سے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی موزوں علاقہ ثابت ہوگی کیونکہ دیگر دستیاب جگہوں کے مقابلے میں MDA نسبتاُُ گنجان اور قریب ہے۔ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد نالہ متاثرین کی آبادکاری کو یقینی بنانے کے لئے پراجیکٹ کا PC1 تیار کیا جائے کسی بھی قسم کی مبالغہ آرائی اور غیر ضروری تفصیلات سے مسودے کو پاک رکھا جائے۔انہوں نے ایم ڈی ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ایم ڈی لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مشترکہ سروے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زمینی حقائق سے آگاہ کرنے کا بھی حکم دیا۔

مزید پڑھیں: وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ متاثرین گجر نالہ کی جلد ازجلد آبادکاری اور بحالی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اس مقصد کی تکمیل کی خاطر تمام وسائل و اسباب کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *