اساتذہ کی تکریم تمام طبقہ ہائے فکر پر لازم ہے، نجم احمد شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری بلدیات، ہاوئسنگ و ٹاون پلاننگ سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنے معلمین کی عزت کرتی ہیں، تاریخ کے صفحات میں ان کا نام سنہرے حروف سے لکھا جاتا ہے، اساتذہ کا احترام و تکریم تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر لازم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انجینئر سید نجم احمد شاہ نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کے مطابق اسلام میں استاد کو باپ کے برابر درجہ عطا کیا گیا۔ پیغمبر اسلام نے بھی اپنی تعلیمات میں معلم کے درجات کو واضع کیا اور تاریخ شاہد ہے کہ جن اقوام نے اپنے اساتذہ کے مرتبے اور مقام کو پہچانا ان کو دنیا میں عزت اور سر بلندی نصیب ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: JSMU میں بلوچستان کے پبلک ہیلتھ کے طلباء کا خیر مقدم

نجم احمد شاہ نے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ زندگی اور کامیابی کے پیچھے والدین کی دعاوں اور شفقت کے ساتھ اساتذہ کا بھی کلیدی کردار ہے اور اس بات میں کوئی دورائے نہیں کہ ایک طالب علم کو کامیابی کے سفر کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لئے اس طالب علم کے اساتذہ اہم کردارادا کرتے ہیں۔

سیکرٹری بلدیات سندھ نے بطور خاص نوجوانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اپنے معمولات زندگی کی دوڑ میں ان مہربان ہستیوں کو نہ بھولیں جن کی تربیت اور توجہ کی بدولت آج وہ معاشرے میں ممتاز مقام کے حامل ہیں اور ہمیشہ والدین اور اساتذہ کی تکریم و خدمت بے لوث سر انجام دیں تاکہ اخروی کامیابی اور دنیاوی فلاح دونوں باآسانی حاصل ہوسکیں۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *