کراچی: حافظ نعیم الرحمن سے گلشن الٰہی کے متاثرین کی ملاقات، مسائل سے آگاہ کیا

کراچی : امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمننے کہا ہے کہ جماعت اسلامی گلشن الہیٰ کے متاثرین کے ساتھ ہے، مسائل کے حل کے لیے آئینی،قانونی اور جمہوری طریقے سے جدوجہد کریں گے، متاثرین کو کسی صورت بلڈرز مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ اجائے گا،اس سلسلے میں 10اکتوبر بروز اتوار دوپہر 3بجے ادار ہ نورحق میں گلشن الہیٰ کے متاثرین کا کنونشن منعقد کیا جائے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں یاسر احمد اور فہیم صدیقی کی قیادت میں آئے ہوئے گلشن الہیٰ کے متاثرین کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نائب امیرجماعت اسلامی کراچی برجیس احمد، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کے سکریٹری نجیب ایوبی ودیگر بھی موجود تھے۔گلشن الہیٰ کے متاثرین نے بتایا کہ گلشن الہیٰ کے الاٹیز کو پزیشن فائل نہیں دی جارہی اور کہا جارہا ہے کہ ڈویلپمنٹ چارجز ادا کریں گے تو پزیشن دی جائے گی جوکہ پلاٹ کی اصل رقم سے کئی گنازیادہ ہے اورجن الاٹیز نے ڈویلپمنٹ چارجز ادا کردیے ہیں انہیں بھی پزیشن فائل نہیں دی جارہی اور انہیں دھونس دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

متاثرین نے مزید بتایا کہ گلشن الہیٰ کے بلڈر کی جانب سے پرنٹ اور الیکڑانک میڈیا میں پزیشن حاصل کرنے کے حوالے سے لاکھوں روپے کے اشتہارات بھی دیے گئے ہیں جس میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ جن الاٹیز نے تمام واجبات ادا کردیے ہیں وہ پزیشن لیٹر حاصل کرلیں لیکن جب الاٹیز پزیشن لیٹر وصول کرنے جاتے ہیں تو ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے اور انہیں پزیشن لیٹر نہیں دیا جاتا۔

وفد نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ جماعت اسلامی دیگر کوآپریٹیو سوسائٹیز کے متاثرین کی طرح گلشن الہیٰ کے متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے ہمارا ساتھ دے گی اور متاثرین کی زندگی بھر کی جمع پونجی کو بلڈرز مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *