اقوام متحدہ میں ہماری حمایت پر وزیراعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں، ترجمان طالبان

طالبان

کابل: نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہماری حکومت کو درپیش مشکلات کو پیش کرنے اور اُن کا حل عالمی برادری کے سامنے رکھنے پر وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے ہماری حکومت کی بھرپور حمایت کی اور عالمی برادری پر طالبان حکومت سے تعلقات استوار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جس پر ہم وزیر اعظم کے انتہائی شکر گزار ہیں۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پاکستان برادر اور پڑوسی ملک ہی نہیں بلکہ افغانوں کا دوسرا گھر بھی ہے، پاکستان نے ہمیشہ ایک اچھے پڑوسی کا حق بھی ادا کیا ہے، افغانستان کو تجارت اور اقتصادی امور سمیت تمام شعبوں میں ہمسایہ ممالک کی ضرورت ہے۔ ہم پوری دنیا سے اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں۔

ذبیح اللہ مجاہد نے افغان سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا امن و امان خود افغانستان کے لیے بھی اہم ہے۔ دونوں طرف کے عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات اور روابط دونوں طرف معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *