رمیز راجا پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب

رمیز راجہ

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا پاکستان کرکٹ بورڈ کے کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجا بلامقابلہ پی سی بی کے 36 ویں چیئرمین منتخب ہوگئے، عبدالحفیظ کاردار، جاوید برکی اور اعجاز بٹ کے بعد وہ چوتھے کرکٹرز اور تیسرے سابق کپتان ہیں، جنہوں نے بطور سربراہ کرکٹ بورڈ کا چارج سنبھالا۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عظمت شیخ کی جانب سے گورننگ بورڈ کے خصوصی اجلاس میں رمیز راجا کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے رمیز راجا کے کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ بننے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

اپنی پہلی پریس کانفرنس میں نومنتخب چیئرمین رمیز راجا نے کہا کہ پی سی بی کی تاریخ میں گنے چنے کرکٹر ہی چیئرمین بنے، اب شاید راستہ بنے گا کہ کرکٹر پی سی بی کے انتظامات سنبھالیں جب کہ مجھے کسی وجہ سے لایا گیا ہے، چاہوں گا کہ فیڈ بیک کھل کر دیا جائے، اس سے حقائق کا علم ہوتا رہے گا اور ناقدین کو تعمیری جواب دیا جائے گا۔

رمیز راجا نے کہا کہ میری پہلی ترجیح قومی کرکٹ ٹیم میں اُس سوچ اور نظریے کو دوبارہ متعارف کرانا ہے کہ جس نے کبھی پاکستان کو کرکٹ کی سب سے خطرناک ٹیم بنا دیا تھا، ہمیں ڈری سہمی پاکستانی ٹیم کو شیر بنانا ہے، ہمیں پاکستان کرکٹ کی سمت بدلنا ہوگی، مستقبل کی کرکٹ میں آپ کو تبدیلی نظر آئے گی۔

رمیزراجہ نے کہا کہ میں چاہوں گا کہ چیئرمین کی جگہ ٹیم کے کپتان کی دخل اندازی زیادہ ہو اور ٹیم کا ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری کو سمجھے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بہترین ٹیم منتخب کی گئی ہے، ہمیں نوجوانوں کے ساتھ چانس لینا ہی تھا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *