ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے اسکواڈ کا اعلان، بڑے بڑے نام آؤٹ

قومی ٹیم

لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں صہیب مقصود کی واپسی ہوئی ہے جبکہ چیمپیئن کپتان سرفراز احمد کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر قومی مینز ٹیم محمد وسیم نے پی سی بی ہیڈکوارٹر میں ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہی ٹیم نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی کھیلے گی۔

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے 15 کے اسکواڈ کے علاوہ 3 کھلاڑیوں کو بطور ریزورز بھی شامل کیا گیا ہے جس میں ایک بیٹسمین فخر زمان، ایک فاسٹ بولر شاہنواز ڈھانی اور ایک اسپنر عثمان قادر کو رکھا گیا ہے۔

سرفراز احمد کی جگہ پر اعظم خان کو اسکواڈ کا حصہ بنانے پر چیف سلیکٹر نے وضاحت کی کہ اعظم کو ترجیح دینے کی وجہ بیٹنگ کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

فخر زمان کو 15 کے اسکواڈ میں شامل نہ کرنے پر چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ اوپننگ میں ہمارے پاس پہلے ہی بابر اعظم اور محمد رضوان ٹیم اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں محمد وسیم نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے ٹیم کے اعلان سے پہلے اسے رمیز راجا کے ساتھ شیئر بھی کیا تھا۔

انہوں نے ٹیم میں جونیئرز کو زیادہ شامل کرنے سے متعلق کہا کہ ان جونیئرز کی میچ میں دباؤ کو برداشت کرنے کی صلاحیت ہے جو سینیئرز کی طرح ہی کھیلتے ہیں۔

صہیب مقصود کی شمولیت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اوپر کے آرڈر پر فائر پاور کی ضرورت تھی اور اسی بنیاد پر انہیں شامل کیا گیا ہے۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کا بطور چیف سلیکٹر یہ آخری مرتبہ قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان ہے تو اس پر محمد وسیم بے ساختہ ہنس پڑے اور کہا کہ مستقبل کے بارے میں تو کوئی بھی نہیں بول سکتا، میرا جو کام ہے وہ میں اس وقت کر رہا ہوں۔

پاکستان بھارت کو شکست دے سکتا ہے

ایک سوال کے جواب میں چیف سلیکٹر نے اپنی ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم بلاشبہ بھارتی ٹیم کو ہراسکتی ہے، اور موجودہ بولنگ لائن دنیا کی بہترین بولنگ لائن ہے۔

قومی ٹیم کا 15 رکنی اسکواڈ

بابر اعظم کپتان، شاداب خان نائب کپتان، آصف علی، اعظم خان، حارث رؤف، حسن علی، اماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور صہیب مقصود شامل ہیں۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *