سندھ سالڈ ویسٹ اپلیکشن کے ذریعے شکایات بروقت حل کی جارہی ہیں، نجم احمد شاہ

کراچی: (اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری بلدیات، ہاوئسنگ و ٹاون پلاننگ سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ اپلیکشن ڈاون لوڈ کرنے والے افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، لوگوں کی شکایات کے بروقت حل میں سالڈ ویسٹ اپلیکشن اہم کردار ادا کررہا ہے۔

انجینئر سید نجم احمد شاہ نے ان خیالات کا اظہار ہمارے نمائندہ خصوصی سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ بلدیات سندھ کے تمام امور کو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے شفاف اور بروقت بنانے کے حوالے سے لئے جانے والے اقدامات کا دائزہ کار مرحلہ وار تمام ذیلی اداروں تک پھیلایا جارہا ہے اور عنقریب سندھ کے تمام بلدیاتی امور مکمل طور سے ڈیجیٹلائز طرزوں پر سر انجام دئیے جائیں گے۔

نجم احمد شاہ نے بتایا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے لانچ کردہ موبائل اپلیکیشن anriod اور apple فونز دونوں پر دستیاب ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس اپلیکشن کی مقبولیت اور صارفین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ کے مطابق سالڈ ویسٹ کے موبائل اپلیکیشن کے ذریعے درج کی جانے والی شکایات پر آٹھ گھنٹے کے اندر ردعمل فراہم کردیا جاتا ہے اور شکایت کندہ اپنی درخواست کا اسٹیٹس آن لائن بھی چیک کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی گورنر سندھ سے ملاقات، ملکی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

انجینئر سید نجم احمد شاہ نے کہا کہ تمام بلدیاتی محکموں کے امور کو ڈیجیٹلائزیشن سے ہم آہنگ کرنے کا مشن ہرگز آسان نہیں لیکن آنے والے دور کے تقاضوں اور مستقبل قریب کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا کرنا ضروری ہے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے عاشورہ کے موقع پر فرائض سر انجام دینے والے بلدیاتی اداروں کے تمام ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مزید دلجمعی اور ایمانداری کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی اور ایس او پیز کی مکمل پیروی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا حکم بھی دیا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *